پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول میں شرکت کیلئے بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں،محسوس ہی نہیں ہوا کہ کسی دوسرے ملک آئے ہیں، لاہور کی سیر بھی کریں گے،، آسٹریلوی فسٹ بال ٹیم کے کپتان رافیل کی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو

بدھ 9 اپریل 2014 06:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اپریل۔2014ء)پنجاب یوتھ فیسٹیول کے زیر اہتمام پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول (فیز ون) میں شرکت کے لیے بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں۔ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر آسٹریلین ٹیم کا استقبال پاکستان فسٹ بال فیڈریشن کے سیکریٹری عثمان احمد نے کیا۔ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے زیر اہتمام ہونے والے ٹورنامنٹ میں 5ملکوں کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

پاکستان آنے والی 5 رکنی آسٹریلوی ٹیم کے کپتان رافیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ہے۔مقابلوں میں شرکت کے ساتھ ساتھ لاہور کی سیر کرنے کا بھی ارادہ ہے ۔ انہوں نے پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ٹورنامنٹ کا انعقاد اچھا فیصلہ ہے ہمیں ایشیائی ٹیموں کے ساتھ کھیل کر منفرد تجربہ حاصل ہو گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ فسٹ بال کا کھیل دنیا میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے امید ہے کہ بہت جلد جنوبی ایشیاء میں بھی یہ کھیل عوامی توجہ حاصل کرلے گا۔

بھارتی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر بالکل بھی ایسا نہیں لگا کہ ہم کسی دوسرے ملک آئے ہیں ایونٹ میں مد مقابل ٹیموں کے ساتھ دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں میں بھی پاک بھارت مقابلے عوام کی توجہ کا مرکز رہتے ہیں امید ہے کہ یہاں بھی پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے مابین زبردست مقابلہ ہوگا۔ پاکستان فسٹ بال فیڈریشن کے سیکریٹری عثمان احمد کا کہناتھاکہ ایشیا کپ فسٹ بال ٹورنامنٹ ، پنجاب انٹر نیشنل سپورٹس فیسٹیول کے زیر اہتمام ہورہا ہے جس میں پاکستان ، آسٹریلیا،نیپال،بھارت اور افغانستان کی ٹیمیں حصہ لیں گی ، ٹورنامنٹ10 اور 11اپریل کو پنجاب سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔