گذشتہ حکومت نے بارودی مواد کی نشاندہی کیلئے 100 کروڑ کے چار سکینر قرضے پر خریدے، وزیر داخلہ، ان میں چار سکینر میں کوئی صلاحیت نہیں تھی، اب جدید ٹیکنالوجی لاکر تمام کارروائیوں کا سدباب کیا جائے گا،چوہدری نثار

جمعرات 10 اپریل 2014 06:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اپریل۔2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ گذشتہ حکومت نے بارودی مواد کی نشاندہی کیلئے 100 کروڑ کے چار سکینر قرضے پر خریدے‘ ان میں بارودی مواد کی نشاندہی کی کوئی صلاحیت نہیں تھی لیکن اب جدید ٹیکنالوجی لاکر تمام کارروائیوں کا سدباب کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز چوہدری نثار علی خان نے اسلام آباد سبزی منڈی میں ہونے والے دھماکے کی جگہ کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جواد اور آئی جی خالد خٹک سمیت دیگر اعلی پولیس حکام نے چوہدری نثار علی خان کو دھماکے بارے تفصیلات فراہم کیں جس کے بعد چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ فروٹ کی پیٹیاں کس شہر سے آئیں اور ان میں بارودی مواد کیسے آیا ان تمام کی رپورٹ شام تک طلب کی جائے بعدازاں اس موقع پر وزیر داخلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد منڈی کے واقعہ پر گہرا دکھ ہے جس میں 200 سے 300 دیہاڑی کمانے والے غریب افراد جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

ایسے لوگوں کے دلوں میں خوف خدا بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں جو لوگ بھی ملوث ہین انہیں ڈھونڈ کر کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا اور پہلے بھی جس طرح اداروں اور ایجنسیوں نے دہشت گردوں کو ڈھونڈا اب بھی اسی ذمہ داری کا ثبوت دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلدا زجلد فروٹ منڈی دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین کو حکومت کی جانب سے معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔

چوہدری نثار علی خان نے پیپلزپارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومت نے بارودی مواد کی نشاندہی کرنے کیلئے چار سکینر ایک 100 کروڑ کے قرضے پر خریدے تھے جن میں دو سکینر تو آئے ہی نہیں تھں۔ ان سکینرز میں بارودی مواد ڈیٹیکٹ کرنے کی صلاحیت نہیں ہے اور وہ بالکل بیکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب فروٹ منڈی میں دو سو سے تین سو کے قریب ٹرک ملک کے مختلف شہروں سے آتے ہیں۔ ان میں سے ہر ایک کو چیک نہیں کیا جاسکتا لیکن جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اب ان کارروائیوں پر قابو پایا جائے گا اور اس کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب فروٹ منڈی میں مزید ممکنہ خدشات کے پیش نظر سکیورٹی بھی فراہم کی جائے گی۔