بھارت میں نئی حکومت قائم ہوتے ہی مذاکرات پھر سے شروع ہوجائیں گے‘ اسحق ڈار،وزیراعظم نواز شریف تجارت کے فروغ اور دوطرفہ تعلقات کی بہتری کیلئے اپنے عزم پر قائم ہیں ‘وزیر خزانہ کا امریکی تھنک ٹینک سے خطاب

جمعرات 10 اپریل 2014 06:58

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اپریل۔2014ء) وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت میں نئی حکومت قائم ہوتے ہی پاک بھارت مذاکرات کا عمل ایک بار پھر شروع ہوجائے گا‘ حکومت پاکستان کو پارلیمانی کمیٹی کیجانب سے بھارت کیساتھ تجارت کے فروغ اور بلارکاوٹ مارکیٹ تک رسائی کی تجویز دے دی گئی ہے‘ وزیراعظم نواز شریف بھارت کیساتھ تعلقات بہتر بنانے کے اپنے عزم پر قائم ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق دورہ امریکہ کے موقع پر امریکی تھنک ٹینک انسٹیٹیوٹ آف پیس سے خطاب کرتے ہوئے اسحق ڈار نے کہا کہ پاکستان بھارت کیساتھ حالیہ مذاکراتی عمل پھر سے شروع کرنے کا خواہاں اور بھارت میں نئی حکومت کی تشکیل کا منتظر ہے۔ نئی حکومت قائم ہوتے ہی بھارت کیساتھ بات چیت کا سلسلہ پھر سے شروع ہوجائے گا جس میں تجارت کے فروغ کے حوالے سے بلارکاوٹ مارکیٹ رسائی (این ڈی ایم اے) اور منفی تجارتی اشیاء کی لسٹ کم کرنے کے حوالے سے اہم پیشرفت کی امید ہے۔

(جاری ہے)

اسحق ڈار نے کہا کہ ان کی زیر قیادت حکومتی کمیٹی نے بھارت کیساتھ تجارت کے حوالے سے آئندہ کے روڈ میپ کا مکمل جائزہ لیا ہے اور اس پر نظرثانی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے انتخابات کے دوران بھارت کیساتھ تعلقات میں بہتری کے حوالے سے جس عزم کا اعادہ کیا تھا وہ اس پر قائم اور مذاکراتی عمل کو 1999ء کی سطح پر لانے کے خواہاں ہیں تاہم یہ وقت وہ سب کچھ کرنے کا نہیں جو کرنا چاہئے چونکہ بھارت میں انتخابات ہورہے ہیں اور معلوم نہیں کونسی حکومت آئے گی۔