ٹانک ،نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 راہگیر وں سمیت 5 افراد جاں بحق ،شمالی وزیرستان میں نامعلوم مسلح افراد کی گاڑی پر فائرنگ چارعسکریت پسند ہلاک

جمعرات 10 اپریل 2014 07:04

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اپریل۔2014ء) ٹانک سے 28 کلومیٹر کے فاصلے پر کوٹ خدک کے مقام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مرنے والوں میں 2 راہگیر بھی شامل ہیں۔ فائرنگ کا یہ واقعہ گذشتہ روز دوپہر ایک بج کر پچیس منٹ پر عین اس وقت پیش آیا جب گومل زام روڈ پر کوٹ خدک کے مقام پر نامعلوم افراد نے ہوٹل میں بیٹھے ہوئے افراد پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

جس کے نتیجے میں قسمت خان محسود ، فقیر خان محسود اور علی خان محسود سمیت دو راہگیر جن کے نام عطا خان مچن خیل اور زمان خان کٹی خیل جاں بحق ہو گئے۔ فائرنگ کے واقعے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر آمدورفت مکمل طور پر روک دی ہے۔ جبکہ متاثر ہ علاقے میں پولیس کو بھی جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب فائرنگ کے مذکورہ واقعے کے متعلق متعدد اطلاعات موصول ہو رہی ہیں ۔

اس فائرنگ کو گذشتہ روز کی حکیم اللہ محسود اور سید خان عرف سجنا گروپ کے درمیان خون ریز تصادم سے جوڑا جا رہا ہے جبکہ یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ مرنے والے بھتہ خور تھے اور علاقے کی بدنامی کو موجب بن رہے تھے اس لئے ان کا صفایا کیا گیا ہے۔ ادھرشمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں نامعلوم مسلح افراد کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں چار مقامی عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں وانا کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوگئے۔ ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق مقامی شدت پسند گروپ سے ہے۔