افغانستان ، صدارتی انتخاب میں کوئی بھی امیدوار مطلوبہ 50فیصد ووٹ حاصل نہ کر سکا ، پہلے مرحلے میں کوئی بھی امیدوار حتمی برتری حاصل کرنے میں کا میا ب نہیں ہو گا دوسرے مرحلے کی ضرورت پڑے گی،صدارتی امیدوار زلمے رسول

جمعرات 10 اپریل 2014 06:51

کا بل(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اپریل۔2014ء)افغان صدارتی انتخابات کے ایک اہم امیدوار زلمے رسول نے کہا ہے کہ دستیاب معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ الیکشن کے دوسرے مرحلے کی ضرورت پڑے گی کیونکہ کوئی بھی صدارتی امیدوار مطلوبہ پچاس فیصد ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے گا۔ غیر ملکی خبر رسا ں ادارے کے مطا بق شورش زدہ ملک افغانستان میں پانچ اپریل کو منعقد ہوئے صدارتی انتخابات کے تین مرکزی امیدواروں میں شمار کیے جانے والے سابق وزیر خارجہ زلمے رسول نے ایسے خدشات کا اظہار کیا ہے کہ ان صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کوئی بھی امیدوار حتمی برتری حاصل کرنے میں ناکام رہے گا۔

اگرچہ متعدد تجزیہ نگار اس طرح کی پیش گوئیاں پہلے ہی کر چکے ہیں تاہم زلمے رسول ایسے پہلے صدارتی امیدوار ہیں، جنہوں نے براہ راست ایسا بیان جاری کیا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ان کے حامیوں نے دوسرے مرحلے کے انتخابات کی تیاری کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔افغانستان کے آزاد الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی انتخابات کے ابتدائی نتائج چوبیس اپریل کو عام کیے جائیں گے جبکہ حتمی نتائج کا اعلان چودہ مئی کو کیا جائے گا۔

اگر صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کوئی بھی امیدوار مطلوبہ پچاس فیصد ووٹ حاصل کرنے میں ناکام ہو گیا تو سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے دو امیدواروں کے مابین حتمی انتخابی مقابلہ اٹھائیس مئی کو ہو گا۔ انتخابات کے پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر آٹھ امیدوار میدان میں اترے۔ یاد رہے کہ موجودہ صدر حامد کرزئی دو مرتبہ صدر منتخب ہو چکے ہیں اور آئینی تقاضوں کے مطابق تیسری مرتبہ امیدوار نہیں ہو سکتے تھے۔

زلمے رسول نے یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ انتخابی عمل کے دوران ’بڑے پیمانے پر فراڈ‘ بھی ہوا ہے تاہم ان کی طرف سے یہ تفصیل نہیں بتائی گئی ہے کہ کس طرح کی دھاندلی کی گئی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اسے تین ہزار شکایات موصول ہوئی ہیں، جن میں سے نصف کا باقاعدہ طور پر اندراج کرایا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ شکایات صرف ٹیلی فون پر ہی کی گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق متعدد صدارتی امیدواروں نے انتخابی عمل کے دوران حکومتی دخل اندازی اور ایک ہی شخص کی طرف سے متعدد ووٹ ڈالے جانے جیسی شکایات کی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان نادر محسنی نے بھی اعتراف کیا، ”میں کہہ سکتا ہوں کہ ( انتخابی عمل کے دوران) فراڈ اور تشدد ہوا ہے۔“دوسری طرف ان انتخابات کے دیگر دو فیورٹ امیدواروں عبداللہ عبداللہ اور اشرف غنی احمدزئی دونوں نے کہا ہے کہ وہ پہلے مرحلے میں ہی مطلوبہ ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

افغانستان میں پانچ اپریل کو صرف صدارتی الیکشن ہی نہیں بلکہ صوبائی کونسلوں کے لیے بھی رائے دہی عمل میں آئی تھی۔ اس دوران ملک بھر میں بیس ہزار پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے، جن میں سے کچھ پولنگ بوتھ انتہائی دور دراز اور دیہی علاقوں میں بھی بنائے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :