ملک دشمن عناصر ایک بار پھر سرگرم ہوگئے ، حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کو سبوتاز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،پیر صدر الدین شاہ راشدی ،ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی قابل مذمت ہے، حکومت حالیہ دہشت گردی کے ہونے والے واقعات کی تحقیقات کرے گی اور ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرے گی، وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 11 اپریل 2014 06:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اپریل۔2014ء)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر اور وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی پیر صدر الدین شاہ راشدی نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی قابل مذمت ہے، ملک دشمن عناصر ایک بار پھر سرگرم ہوگئے ہیں، حکومت اور طالبان کے درمیان مزاکرات کو سبوتاز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومت حالیہ دہشت گردی کے ہونے والے واقعات کی تحقیقات کرے گی اور ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اپنی رہائش گاہ پر پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نواب راشد علی خان، پیر زادہ یاسر سائیں، کامران ٹیسوری، جام مدد علی خان، نند کمار گولانی، مہتاب اکبر راشدی، نصرت سحر عباسی اور دیگر بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے چیف میڈیا کوآرڈینیٹر کامران ٹیسوری کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پیر صدر الدین شاہ راشدی نے کہا کہ وفاقی حکومت کوشش کر رہی ہے ملک سے دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ ہو اور آئے روز دہشت گردی میں مارے جانے والے عوام کو محفوظ کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف ملک کو درپیش خطرات سے نکال کر آگے لے جانا چاہتے ہیں یہی وجہ ہے وہ جنگ کے بجائے مزاکرات کے ذریعے امن کو ترجیح دے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ ملک شمن عناصر نہیں چاہتے کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو اور پاکستان ترقی کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے سے دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر ہوگا، بیرونی سرمایہ ملک میں آئے گا اور یہاں کے لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج جو ملک کی صورتحال ہے اس پر بہت افسوس ہوتا ہے کیونکہ غریب عوام اس دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو اختلافات بھلا کر حکومت کا ساتھ دینا چاہئے تاکہ حکومت نے جو مزاکرات کا عمل شروع کیا ہے اس کو کامیابی سے ہمکنار کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ہمیشہ ملک میں امن کی حامی رہی ہے اور اس وقت وہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے امن و امان کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے ان کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ طالبان پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کر رہے ہیں اس سے لگتا ہے کہ تیسرا ہاتھ ہے جو ملک میں امن کو پامال کرنا چاہتا ہے، اس کو روکنے کیلئے ہم سب کو حکومت کا ساتھ دینا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :