پشاور،وزیر صنعت کا صوبے میں نئے انڈسٹریل سٹیٹ بنانے کا فیصلہ ،وفاق انسینٹیوز کے اعلان کے ساتھ گدون امازئی انڈسٹریل سٹیٹ کی مراعات بحال کرے اور نئی انڈسٹریز لگانے کیلئے گیس پر پابندی اٹھائے،شوکت علی یوسفزئی

جمعہ 11 اپریل 2014 06:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اپریل۔2014ء)خیبر پختونخوا کے وزیر صنعت شوکت علی یوسفزئی نے صوبے میں نئے انڈسٹریل سٹیٹ بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں انسینٹیوز کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ گدون امازئی انڈسٹریل سٹیٹ کی مراعات بحال کرے اور نئی انڈسٹریز لگانے کے لئے گیس پر پابندی اٹھائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پشاور میں خیبر پختونخوا چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ محسن عزیز کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔

ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ صنعت محمد طارق اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر صنعت شوکت علی یوسفزئی نے اس موقع پر محکمہ صنعت کو انقلابی ترقی سے ہمکنار کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ اس صوبے کی تقدیر کو ہمیں خود بدلنا ہوگا۔

(جاری ہے)

کم از کم اپنے اختیارات کو صحیح معنوں میں استعمال کرتے ہوئے صنعتی وسائل کو بروئے کار لانے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔

فنی تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے مینجمنٹ بورڈ قائم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزیر صنعت نے کہا کہ طلباء کے لئے عملی تربیت کے مواقع پیداکرنا ناگزیر ہے محض تھیوری کافی نہیں ہے ۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ طلباء کو عملی تربیت دینے کے لئے میٹریل اسٹیمیٹ مہیا کریں تاکہ اسے آئندہ بجٹ میں شامل کیا جاسکے۔وزیر صنعت نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیاکہ صوبے میں انڈسٹریل پلانٹ ،سروس سٹیشنز اور دیگر آلات موجود ہیں مگر انہیں استعمال نہیں کیا جا رہا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ صنعتی وسائل کے مفید استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ بے روزگار عوام کو روزگار کے مواقع میسر آسکیں۔وزیر صنعت نے کہا کہ خیبر پختونخوا فرنٹ لائن اور گیس کا پیداواری صوبہ ہونے کی وجہ سے اس بات کا حق دار ہے کہ اسے نئے انڈسٹریل سٹیٹ بنانے کے لئے نہ صرف مراعات دی جائیں بلکہ گیس کی پابندی بھی اٹھائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان سمیت دیگر بے شمار چیلنجز کے باوجود وہ صوبے میں سرمایہ کاروں کو بہتر سہولیات فراہم کریں گے۔

متعلقہ عنوان :