وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیر علی نے بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑھتے ہی ،وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف کو عوامی تنقید کا سامنا کرنے کیلئے آگے کردیا

جمعہ 11 اپریل 2014 06:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اپریل۔2014ء)وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیر علی گرمی کے باعث بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑھنے کے ساتھ ہی خود پیچھے اور وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف کو عوامی تنقید کا سامنا کرنے کیلئے آگے کردیا ہے ، سردیوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کم ہونے کا کریڈٹ لینے کیلئے عابد شیر علی ہر موقع پر خواجہ آصف کو سائیڈ لائن کرتے ہوئے خود فرنٹ لائن پر رہے جبکہ اب گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی بحران بڑھتے دیکھ کر خود سائیڈ لائن اور خواجہ آصف کو فرنٹ لائن پر کردیا ہے.

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اب جب بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہونے سے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی ہو گی تو وزیر مملکت خود کو پھر فرنٹ لائن پر لانے کی کوشش کریں گے، بجلی کی طلب 12000 میگا واٹ کے مقابلے میں بجلی کی پیداوار 10ہزار میگا واٹ سے نہ بڑھ سکی جبکہ گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث بجلی کی طلب مسلسل بڑھتی جا رہی ہے، بجلی بحران کے پیش نظر گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت میں بجلی کی لوڈشیڈنگ 8سے 10گھنٹے جبکہ پنجاب کے دوسرے شہروں اور دیہاتوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کادورانیہ 12 سے 14 گھنٹے رہا جس سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔