روپے کی قدر میں مزید بہتری سے انٹربینک میں ڈالر 15 ماہ کی کم ترین سطح 97روپے تک گرگیا ، اوپن مارکیٹ میں قیمت100 روپے سے نیچے آگئی

جمعہ 11 اپریل 2014 06:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اپریل۔2014ء) روپے کی قدر میں مزید بہتری سے انٹربینک میں ڈالر 15 ماہ کی کم ترین سطح 97روپے تک گرگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں قیمت100 روپے سے نیچے آگئی۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستان کے یورو بانڈز کو بھرپور پذیرائی ملنے کے بعد روپے کی قدر میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ گذشتہ کئی دنوں سے ڈالر روپے کے سامنے اپنی قدر کو تیزی کیساتھ کھوتا جا رہا ہے ۔

فاریکس ڈیلرز کے مطابق کاروبار کے دوران انٹربینک میں روپے کی قدر میں مزید 95 پیسے اضافہ دیکھا گیا، جس سے ڈالر7 جنوری 2013ء کی کم ترین سطح تک گر گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپیہ مزید مستحکم ہوا ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر مزید95پیسے کم ہو گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 97.85روپے سے کم ہو کر96.90روپے اور قیمت فروخت 97.95روپے سے کم ہو کر97روپے پر آگئی اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی روپے کے سامنے ڈالر نے اپنی قدر45پیسے کھو دی جس کے باعث اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید99.80روپے سے کم ہو کر99.30روپے اور قیمت فروخت 99.95روپے سے کم ہو کر99.50روپے ہو گئی ۔

(جاری ہے)

فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو137روپے سے کم ہو کر136روپے اور برطانوی پاونڈ 166روپے سے کم ہو کر165روپے کی سطح پر واپس آگئی

۔رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں75پیسے کی کمی واقع ہوئی اور یورو کی قیمت خرید137روپے سے کم ہو کر136روپے اور قیمت فروخت 137.25روپے سے کم ہو کر136.50روپے ہو گئی اسی طرح1.40روپے کی نمایاں کمی سے برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید 166.35روپے سے کم ہو کر164.75روپے اور قیمت فروخت 166.65روپے سے کم ہو کر165.25روپے ہو گئی ۔

فاریکس رپورٹ کے مطابق یو اے ای درہم کی قیمت فروخت 20پیسے کی کمی سے27.20روپے جبکہ سعودی ریال کی قیمت فروخت 30پیسے کی کمی سے 26.45روپے ہو گئی ہے ۔ ایکسچینج کرنسی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ڈالر کی فراہمی برقرار رکھنے کے لئے ملک کے تمام بڑے شہروں میں کاؤنٹرز قائم کئے گئے ہیں، دوسری تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ 6ماہ میں پاکستان کو مختلف مالیاتی اداروں سے5 ارب ڈالر ملنے کی توقع ہے۔

متعلقہ عنوان :