چینی کنسورشیم ساہیوال بجلی گھر منصوبے میں سرمایہ کاری کریگا:وزیراعظم نواز شریف، جلد مکمل ہونے والے منصوبے پاکستان کیلئے اہم ہیں اور ان کی بروقت تکمیل سے ہماری معیشت میں تیزی آئے گی ،چینی سرمایہ کاری پاکستان کے لئے اہم ہے اور اس سے پاکستان کی معیشت کو آگے بڑھنے میں مدد ملے گی ، چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ ناشتے پر ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 12 اپریل 2014 06:50

سانیا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اپریل۔2014ء )وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ جلد مکمل ہونے والے منصوبے پاکستان کیلئے اہم ہیں اور ان کی بروقت تکمیل سے ہماری معیشت میں تیزی آئے گی۔ اس امر کااظہار انہوں نے جمعہ کوسانیاچین میں ناشتے پر ملاقات کے دوران چینی سرمایہ کاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ممتاز ٹیکسٹائل کمپنی (آر یو وائی آئی )گروپ کے چیئرمین کیوئی یافی اور پاور کمپنی ہواننگ شاندے کے سی ای او وانگ وینگ زونگ نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔

چینی کمپنیوں نے پاکستان میں بجلی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے لئے کنسورشیم تشکیل دینے کا ارادہ ظاہر کیا۔ انہوں نے سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان کی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری راغب ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ چینی سرمایہ کاری پاکستان کے لئے اہم ہے اور اس سے پاکستان کی معیشت کو آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں کئی مواقع موجود ہیں جو چینی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے حکومت کی مکمل مدد اور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ معمولی مشکلات کا ازالہ کیا جائے گا۔فریقین نے معاہدوں کی دستاویزات کا تبادلہ کیا اور ساہیوال بجلی گھر کے منصوبے پر سرمایہ کاری کرنے پر غور کیا۔

اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ چینی کنسورشیم نے ساہیوال بجلی گھر منصوبے میں سرمایہ کاری پر اتفاق کیا ہے۔منصوبے کی تعمیر آئندہ مہینے شروع ہو گی اور یہ 2016 تک مکمل ہو گا۔یہ منصوبہ چھ سو ساٹھ میگاواٹ کے دو بجلی گھروں پر مشتمل ہے جس سے تیرہ سو بیس میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔چینی کمپنیوں نے پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کیلئے کنسورشیم قائم کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے پاکستان کی سرمایہ کاری کی پالیسیوں کو سراہا اور کہا کہ سرمایہ کار دوست پالیسیوں نے انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری پر راغب کیا ہے۔