حکومت اور فوج کے درمیان اختلافات پھیلانے والے مایوس ہو گئے،پرویز رشید ،،ہماری فوج آئین پاکستان کے مطابق اپنا کردار ادا کررہی ہے ، ملک میں قانون اور آئین کی بالادستی قائم، معیشت بہتری کی جانب چل پڑی ،پاکستان پرامن ملک ، دہشتگردی کے واقعات کم ہو رہے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات کا لوک ورثہ میں ثقافتی میلے کے افتتاح کے موقع پر خطاب

ہفتہ 12 اپریل 2014 06:53

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اپریل۔2014ء ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے ، ثقافتی میلوں سے ظاہر ہوتا ہے پاکستان تخلیقی کاموں میں دنیا سے پیچھے ہے ،ثقافتی میلے منانا اچھی روایت ہے ،ثقافتی میلے کو دیکھے اس میں پورے پاکستان کی ثقافت نظر آئے گی ،ملک بہتر معیشت کی جانب چل پڑا ہے جس کا ثبوت ڈالر میں واضح کمی ہے ، حکومت اور فوج کے درمیان اختلافات پھیلانے والوں کو مایوسی ہوئی ،ہماری فوج آئین پاکستان کے مطابق اپنا کردار ادا کررہی ہے ، ملک میں قانون اور آئین کی بالادستی ہے ،پرویز مشرف کا معاملہ عدالت میں ہے جو عدالت فیصلہ کرے گی اس پر عمل ہوگا،حکومت مہنگائی اور توانائی بحران حل کرنے اور پرامن پاکستان کیلئے کوشاں ہے،جمعہ کو وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے لوک ورثہ میں میلے کا افتتاح کرتے ہوئے اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ثقافتی میلے منانا اچھی روایت ہے اس میں شریک تمام لوگوں کو خوش آمدید کہتے ہیں تاکہ وہ اپنی ثقافت سے لطف اندوز ہوں کیونکہ ہم سب لوگوں کا ورثہ ہے یہاں آکر پورے پاکستان کے ورثے کی عکاسی ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان رہنے والے اس ثقافتی میلے میں ضرور شرکت کریں کیونکہ موسیقی ثقافتی نمائندگی کررہی ہے ۔پاکستان پرامن ملک ہے ثقافتی میلوں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان تخلیقی کاموں میں دنیا سے پیچھے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میلے میں رکھی گئی پینٹنگز بھی اپنی زبان بول رہی ہیں اور خوشیاں بکھیر رہی ہیں یہاں ثقافتی میلے میں جو لوگ اس میں شر کت کررہے ہیں یا جن لوگوں سٹال لگائے ہوئے ہیں وہ حلال روزی کما رہے ہیں ثقافتی میلے کو دیکھے اس میں پورے پاکستان کی ثقافت نظر آئے گی انہوں نے کہا کہ میڈیا اور کیمرے اور روزانہ بری خبریں دکھانے پر مجبور تھے اب میڈیا گواہ ہے کہ اور یہ اچھی خبریں زیادہ ہوگئی ہیں اور بری خبریں کم ہوتی جارہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ دہشتگردی کے واقعات کرتے تھے اب ان واقعات میں نمایاں کمی آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بہتر معیشت کے راستے پر چل پڑا ہے جس کا منہ بولتا ثبوت ڈالر میں واضح کمی بجلی گھر کے منصوبے اور پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام جیسے منصوبے حکومت ترجیح بنیادوں پر شروع کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان میں اچھی گورننس کو دیکھتے ہوئے دوستی اور تعلقات کا ہاتھ بڑھایا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور فوج کے درمیان اختلافات کی افواہیں کی فیکٹری چلانے والوں کو مایوسی ہوگی اور وہ ان افواہوں کی سازشیں تیار کرکے پاکستان کی کوئی خدمت نہیں کررہے میرا مشورہ ہے کہ افواہیں اڑانے والے محنت مزدوری کرکے اپنااور بچوں کا پیٹ پالیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فوج آئین میں دیئے گئے کردار پر عمل کررہی ہے کیونکہ فوج ملکی سرحدوں اور عوام کو امن وامان قائم کرنے کیلئے بے پناہ قربانیاں دیتی ہے جو آئین میں لکھا ہوا ہے فوج اس کے مطابق کردار ادا کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فوج اور حکومت کے درمیان افواہیں اڑانے والے کوئی محب وطن نہیں ہے پاکستان کے تمام ادارے آئین کے مطابق کردار ادا کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں قانون اور آئین کی بالادستی ہے اور افواہیں پھیلانے والے اپنے آپ کو بے روزگار تصور کررہے ہیں انہیں کوئی نیا روزگار ڈھونڈنا چاہیے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف مکافات عمل سے گزر رہے ہیں اس وقت ان کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا وہ اپنے کئے کی قوم اور ملک سے معافی مانگیں اور ان کا پرویز مشرف کا معاملہ عدالت میں ہے جو عدالت فیصلہ کرے گی اس پر عمل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت مہنگائی اور توانائی بحران حل کرنے اور پرامن پاکستان کیلئے کوشاں ہے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں بجلی چوری کے حوالے سے خود عمران خان بھی خلاف ہیں کیونکہ انہوں نے خود بھی انصاف کی مہم صوبہ خیبر پختونخواہ میں شروع کی ہوئی ہے انہوں کہا کہ ملک کی معیشت کی بہتری کیلئے کچھ کڑوی گولیاں کھانی پڑتی ہیں جو لوگ بل دینگے وہی بجلی استعمال کرنے کے حقدار ہیں ۔ بجلی چوری کرنا قومی جرم ہے اس کی روک تھام کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی ۔