آرمی چیف کا بیان درست ہے،نواز شریف اپنے پہلوانوں کو قابو میں رکھیں،خورشید شاہ،فوج ہمارا ادارہ ہے،بلا جواز تنقید درست نہیں،وزیر داخلہ سے بات کرنا وقت کا ضیاع ہے،سکھر میں میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 12 اپریل 2014 06:56

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اپریل۔2014ء)اپوزیشن لینڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ موجودہ حالات میں آرمی چیف کا بیان درست ہے۔ نواز شریف اپنے پہلوانوں کو قابو میں رکھیں ۔فوج ہمارا دارہ ہے۔ سیاستد انوں کو بلا جواز فوج پر تنقید نہیں کرنی چاہیے ۔سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کے نوجوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہمیں ان پر فخر ہے۔

فوج ہمارا ادارہ ہے ۔سیاست دانوں کی فوج پر بلا جواز تنقید درست نہیں ہے۔ موجودہ حالات میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا بیان درست ہے۔ وزیرا عظم نواز شریف کو پہلے بھی کہا ہے کہ اپنی ٹیم کو قابو میں رکھیں لہذا دوبارہ پھر کہتے ہیں کہ وہ اپنے پہلوانوں کو قابو میں رکھیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر ہماری حکومت غلط اور موجودہ حکومت ٹھیک ہے تو پھر حالات ٹھیک کیوں نہیں ہوئے ۔

دھماکے اگر طالبان نہیں کررہے تو مذاکرات کیوں کئے جارہے ہیں۔ دہشت گردی میں اگر کوئی دوسرا گروپ ملوث ہے تو کیا حکومت ان سے بھی مذاکرات کرے گی ؟ انہوں نے کہا کہ سبزی منڈی واقعہ قابل مذمت ہے ۔وزیر داخلہ نے تمام تر الزام تراشیاں اپوزیشن پر ڈال دی ہیں ۔ہمارے دور میں صرف ایک ارب کے سکینرز منگوائے گئے اگرخراب نہیں تو سامنے لائیں ۔وزیر داخلہ سے بات کرنا وقت کا ضیاع ہے وہ اپنی کارکردگی بہتربنائیں۔