(ن) لیگ نے بیرون ملک جلا وطنی سے سبق حاصل نہیں کیا ، شیخ رشید احمد ،حالات 12اکتوبر کی طرف جارہے ہیں ، مشرف پر بیان بازی (ن) لیگ کی اجازت سے ہورہی ہے ، پاک فوج 150فیصد مشرف کے ساتھ ہے ، بگ تھری کی حمایت کا فیصلہ نواز شریف کی ہدایت پر کیا گیا ، اس کیلئے سپیشل ذکاء اشرف کو ہٹا کر نجم سیٹھی کو لگایا گیا ، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 12 اپریل 2014 06:58

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اپریل۔2014ء ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے بیرون ملک جلا وطنی سے سبق حاصل نہیں کیا ، ملک کو دوبارہ 12اکتوبر کی طرف لے جارہے ہیں ، سابق صدر پرویز مشرف پر وفاقی وزراء (ن) لیگ کی اجازت سے بیان بازی کررہے ہیں ، پاک فوج 150فیصد مشرف کے ساتھ ہے ، بگ تھری کی حمایت کا فیصلہ نواز شریف کی ہدایت پر ہوا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور حکومت کے درمیان صورتحال کشیدہ ہے سیاستدانوں کو عسکری قیادت پر تنقید کرنے گوارا نہیں کرتا نواز لیگ کے وزراء حکومت کے لیے مشکلات کے دروازے کھول رہے ہیں ملک کو اپنے بیانات کی وجہ سے بارہ اکتوبر کی طرف لے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فوج جمہوریت کی حامی ہے سیاستدانوں کو عقل کے ناخن لینے چاہیں برطانوی پارلیمنٹ میں عسکری قیادت پر تنقید نہیں ہوتی جبکہ پاکستان میں پاک فوج پر تنقید ہوتی ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کا ٹرائل ہوا تو باقی مدد گاروں کا بھی ہوگا انہوں نے کہا کہ سبزی منڈی کا واقعہ وفاقی وزیر داخلہ کے لیے چیلنج ہے حکومت امن کے قیام کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے ۔ سابق صدر پرویز مشرف پر وہ لوگ تنقید کررہے ہیں جوخود آمریت کے گھروں کی پیداوار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن کا کردار قابل تعریف نہیں ہے پی پی پی حکومت کے ساتھ چل رہی ہے سید خورشید شاہ منجھے ہوئے سیاستدان ہیں مگر اپوزیشن لیڈر کے جو رول فرنٹ لائن میں ادا کرنا تھا وہ نہیں کرسکے ہیں ۔

کرکٹ کے حوالے سے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ بگ تھری کی حمایت کا فیصلہ نواز شریف کی ہدایت پر ہوا ہے اس کیلئے نجم سیٹھی کو سپیشل طور پر ذکاء اشرف کو ہٹا کر دوبارہ لگایا گیا اور بگ تھری کی حمایت کا ٹاسک دیا گیا ۔ میاں نواز شریف بین الاقوامی معاملات میں بھارت کے سامنے مکمل طور پر گھٹنے ٹیکنا چاہتے ہیں ۔