حکومت کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے ،صدر ممنون حسین، کاروباری برادری آگے بڑھ کر اقتصادی استحکام کے عمل کو مزید تیز کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور مختلف شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے استفادہ کی حکومتی کوششوں میں معاونت کرے،حکومت کی طرف سے یورو بانڈ جاری کرنے کے عمل میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا مثبت ردعمل اس بات کا مظہر ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا موجودہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں اور اصلاحات پر اعتماد بڑھ گیا ہے، وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے وفد سے گفتگو

ہفتہ 12 اپریل 2014 06:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اپریل۔2014ء ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ کاروباری برادری آگے بڑھ کر اقتصادی استحکام کے عمل کو مزید تیز کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور مختلف شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے استفادہ کی حکومتی کوششوں میں معاونت کرے۔حکومت کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

ان خیالات کا اظہار وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے صدر ذکریا عثمان کی زیر صدارت چیمبر کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے ذکریا عثمان کو ایف پی سی سی آئی کے صدر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ نئے منتخب عہدیدار کاروباری برادری کی فلاح و بہبود کے لئے بھرپور کام کریں گے اور ملک کی اقتصادی ترقی و خوشحالی میں مثبت کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

ملکی ترقی میں کاروباری برادری کے اہم کردار کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ہر شعبہ میں بے پناہ مواقع سے مالا مال ہے اور کاروباری برادری کی مدد سے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے ان سے استفادہ کی ضرورت ہے۔ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کے حوالے سے صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتصادی بحالی کے لئے جو کثیر الجہتی حکمت عملی اختیار کی ہے اور جو اقدامات شروع کئے ہیں ان کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور ان سے پاکستان میں مختلف شعبوں بالخصوص توانائی، بنیادی ڈھانچہ اور مواصلات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے یورو بانڈ جاری کرنے کے عمل میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا مثبت ردعمل اس بات کا مظہر ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا موجودہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں اور اصلاحات پر اعتماد بڑھ گیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت کاروبار دوست پالیسیوں پر عمل کرتے ہوئے کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ ملک میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول کی فراہمی کے لئے تمام تر کوششیں کی جائیں گی۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے نومنتخب عہدیداروں نے صدر مملکت سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور انہیں کاروباری برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ملک کی اقتصادی بحالی کے لئے بعض تجاویز بھی پیش کیں۔ صدر مملکت نے یقین دلایا کہ حکومت کاروباری برادری کی تجاویز کا خیرمقدم کرتی ہے۔ کاروباری برادری کو اقتصادی ترقی کے لئے حکومت کو اپنی تجاویز پیش کرتے رہنا چاہئے۔ وفد نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ ایف پی سی سی آئی قومی معیشت کی ترقی کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :