راولپنڈی کچہری ،مخالفین کے درمیان فائرنگ کا تبا دلہ 2 افراد جاں بحق ،4 ملزمان گرفتار،وکلاء کا شدید احتجاج ،وزیراعلیٰ شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لے لیا

ہفتہ 12 اپریل 2014 06:45

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اپریل۔2014ء)راولپنڈی کچہری کے گیٹ پر25 پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں مخالفین کے درمیان فائرنگ کے تبا دلے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ضلع اٹک سے تعلق رکھنے والے مخالفین مقدمے کی سماعت کے بعد عدالت سے باہر آئے تو دونوں کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی جو اچانک مسلح تصادم اختیار کر گئی اور ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرا شخص شدید زخمی ہوگیا جسے مخالف پارٹی اغواء کر کے لے جارہی تھی تو اسی دوران پولیس نے بھی ملزمان پر فائرنگ کی اور ملزمان کو ایوب پارک کے سامنے گرفتار کر لیا اور زخمی افراد کو بازیاب کرایا تو اس وقت وہ بھی دم توڑ چکا تھا۔

ایس پی راول ٹاؤن نے بتایا کہ اس واقعہ میں2 افراد مارے گئے اور4 ملزمان گرفتار کر لئے گئے ۔ملزموں کے قبضے سے بھاری اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔بعد ازاں وکلاء کی بڑی تعداد نے کچہری کے باہر احتجاج کیاجبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بھی راولپنڈی کچہری کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ۔