صوبائی حکومتوں کی کارکردگی میں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف پھر سب سے آگے،وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی کارکردگی کو 49 فیصد عوام نے گیلیپ سروے میں بہترین قرار دے دیا،نوازشریف عوامی مقبولیت میں سرفہرست‘ عمران خان‘ زرداری‘ الطاف حسین اور اسفند یار کی مقبولیت میں کمی،55فیصد شہریوں کا حکومتی کارکردگی پر اظہار اطمینان‘ مایوسی میں کمی‘ امن و امان بہترہوا‘ گیلپ سروے رپورٹ جاری

اتوار 13 اپریل 2014 05:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13اپریل۔2014ء)گیلپ پاکستان کی طرف سے جاری کی جانے والی سالانہ پبلک پلس رپورٹ 2014ء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی کارکردگی کو 21فیصد عوام نے بہت بہترین جبکہ 28 فیصد عوام نے بہترین قرار دیا۔ مجموعی طور پر شہبازشریف کی کارکردگی کو 49 فیصد عوام نے بہترین قرار دیا۔ گیلپ سرو ے کے مطابق پاکستان بھر میں 26 فیصد جبکہ صوبہ پنجاب میں 45 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جبکہ قومی لیڈروں میں نوازشریف عوامی مقبولیت کے لحاظ سے سرفہرست ہیں‘ عمران خان‘ زرداری‘ الطاف حسین اور اسفند یار کی مقبو لیت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ سروے میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی کارکردگی میں منفی رجحان دیکھنے میں آیا ہے جس میں منفی کارکردگی کے اعشاریئے29 فیصد میں مزید منفی9 فیصد کا اضافہ ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کی کارکردگی کا رجحان بھی مقررہ شرح سے منفی 11 فیصد زائد رہا ہے۔

جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی کارکردگی کا گراف منفی 14 فیصد بڑھا ہے۔ گیلپ رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی کارکردگی دیگر تمام صوبوں میں مثبت شرح کے مطابق انتہائی نمایاں رہی ہے جو کہ 21 فیصد ہے جبکہ دیگر صوبوں کی کارکردگی کا گراف مثبت کارکردگی کے حوالے سے صوبہ پنجاب سے انتہائی کم ہے۔ رپورٹ کے مطابق صوبہ سندھ کے وزیراعلیٰ کی کارکردگی محض 6فیصد جبکہ خیبرپخونخوا اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی کارکردگی صرف 4 فیصد رہی ہے۔

گیلپ پاکستان سالانہ پبلک پلس رپورٹ 2014ء میں وزیراعظم نوازشریف کے بارے میں عوامی رائے کے مثبت پہلو سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق نوازحکومت کی کارکردگی زرداری حکومت کی گزشتہ سال کی کارکردگی سے نمایاں طور پر بہتر رہی اور موجودہ حکومت کی مجموعی کارکردگی میں 59فیصد اضافہ ہوا۔ مہنگائی پر قابو پانے کے حوالے سے نوازحکومت کی کارکردگی میں اس سال 20 فیصد اضافہ ہوا جبکہ دہشت گردی پر قابو پانے کے حوالے سے 31 فیصد اور کرپشن پر قابو پانے کے حوالے سے کارکردگی میں 30 فیصد اضافہ ہوا۔

تاہم رپورٹ کے مطابق ابھی اس کارکردگی میں بہتری کی مزید گنجائش موجودہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں معاشی فلاح و بہبود اور امن و امان قائم کرنے کے حوالے سے حکومت کی کارکردگی کے بارے میں ماضی کی حکومتوں کے برعکس پائی جانے والی مایوسی میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ یعنی موجودہ حکومت مہنگائی‘ کرپشن اور دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے گزشتہ حکومت کی نسبت بہتر کارکردگی دکھا رہی ہے جس سے اس کے مثبت پہلو میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ گیلپ سروے میں چاروں صوبوں سے عوام کی رائے لی گئی اور مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کو زرداری حکومت سے بہتر قرار دیا گیا۔