میچ فکسنگ میں ملوث تمام کھلاڑیوں کے ساتھ برابری کا سلوک ہونا چاہئے، سلمان بٹ،اپنی غلطی کی سزا پوری کررہے ہیں اور عائد پابندی 2015 میں ختم ہوگی،میڈیا سے بات چیت

اتوار 13 اپریل 2014 05:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13اپریل۔2014ء )میچ فکسنگ میں سزا پانے والے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ غلطی چھوٹی ہو یا بڑی سب اپنی اپنی سزا پوری کررہے ہیں تمام کھلاڑیوں کے ساتھ ایک جیسا سلوک ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد عامر کی معمولی غلطی کے سوال پر قومی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا کہ کس کی غلطی بڑی ہے یا چھوٹی اس کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا، میچ فکسنگ پر تحقیقات ہوچکی ہیں اب اس کی تفصیلات میں نہیں جانا چاہتا، اپنی غلطی کی سزا پوری کررہے ہیں اور ہم پر عائد پابندی 2015 میں ختم ہوگی لہذا سزا پانے والے تمام کھلاڑیوں کے ساتھ ایک جیسا ہی سلوک ہونا چاہئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہم نے آئی سی سی کے اجلاس میں محمد عامر کا بھی معاملہ اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں سال جون میں آئی سی سی حکام پاکستان آئیں گے اور امید ہے کہ محمد عامر کی سزا میں ایک سال کی کمی کردی جائے گی اور وہ جلد انٹرنیشنل کرکٹ کھیلے گا۔