آئی او سی کی وارننگ، پاکستان اولمپکس پر پابندی نہیں لگنے دینگے، اختر گنجیرا، اولمپک ایسوسی ایشن کی رکنیت معطل ہوئی تو ملک کی بد نامی ہوگی‘ ڈی جی سپورٹس بورڈ

اتوار 13 اپریل 2014 05:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13اپریل۔2014ء ) پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈی جی ڈاکٹر اختر گنجیرا نے کہا ہے کہ ملک میں اولمپک تنازع کو جلد حل کر لیا جائے گا، پاکستان اولمپکس ایسوسی پر پابندی نہیں لگنے دیں گے۔ اپنے عہدے پر مستقل ہونے کے بعد جنگ سے بات چیت کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بحران کی وجہ سے ملک کو کھیل کے شعبے میں نقصان ہو رہا ہے جس سے نہ صرف عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہو رہی ہے بلکہ کھلاڑی اور آفیشلز بھی پریشان ہیں۔

اس لیے کسی کو بھی اسے حل کرنے لئے اسے اپنی انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہئے، انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے پاکستان کو اولمپک تنازع کو حل کرنے کیلئے جولائی کی ڈیڈ لائن دی ہے ہماری کوشش ہے کہ اس سے قبل اسے حل کر لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر ایک کی عزت اور احترام کرتے ہیں اور ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں، میں ذاتی طور پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدے داروں سے ملاقات کروں گا اور انہیں مل بیٹھ کر اسے حل کرنے کی تجویز دوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز میں قومی ہاکی ٹیم کا اس تنازع کی وجہ سے حصہ نہ لینا دکھ کی بات ہے، میں اس ایونٹ میں بھی قومی ٹیم کی شرکت کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ایشین اور کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کا دستہ حصہ لے گا، جس کی منظوری ہم سب سے مل کر کریں گے، قومی اسپورٹس پالیسی پر نظر ثانی کا کام شروع ہوچکا ہے، اس سلسلے میں ملک کی اہم شخصیات کے علاوہ کھیلوں کی فیڈریشنوں کے حکام سے بھی تجاویز لی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ وہ انٹرنیشنل اولمپک چارٹر کا احترام کرتے ہیں، اگر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی رکنیت معطل ہوگئی تو اس سے ہر سطح پر ملک کی بد نامی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی فیڈریشن کے ساتھ گرانٹ کے حوالے سے ناانصافی نہیں ہوگی، جس کھیل میں کارکردگی اچھی ہوگی اس کو خصوصی گرانٹ بھی دی جائے گی،ملک کیلئے میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی انعامات دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زبانی جمع خرچ پر نہیں عملی اقدامات پریقین رکھتا ہوں اور اس کے اثرات لوگوں کو نظر بھی آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :