سپریم کورٹ میں زیرالتواء لاپتہ افراد کے مقدمات تیزی سے نمٹانے کا سلسلہ شروع، دس روز کے دوران کئی اہم کیس نمٹادیئے گئے، بعض حلقوں کا تشویش کا اظہار،عدالت سے بڑی امیدیں وابستہ تھیں، اب بھی سمجھتے ہیں کہ عدالت عظمیٰ ہی اس معاملہ میں متاثرین کی داد رسی کرسکتی ہے،آمنہ مسعود جنجوعہ

پیر 14 اپریل 2014 06:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14اپریل۔2014ء)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس تصدق حسین جیلانی کی ہدایت پر سپریم کورٹ میں زیرالتواء لاپتہ افراد کے مقدمات تیزی سے نمٹانے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اور گزشتہ دس روز کے دوران کئی اہم کیس نمٹائے گئے ہیں جو طویل عرصہ سے زیرالتواء تھے جبکہ تیزی سے مقدمات نمٹانے پر بعض حلقے تشویش کا بھی اظہار کر رہے ہیں۔

سپریم کورٹ نے حالیہ دنوں میں ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کی چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ کے خاوند مسعود جنجوعہ کا مقدمہ لاپتہ افراد کے کمیشن کو بھیج دیا گیا ہے جبکہ لاپتہ فہد ملک کیس اور فضل ربی کیس بھی نمٹا دیئے گئے ہیں اور لاپتہ تاسیف ملک کیس بھی نمٹانے کے قریب پہنچ چکا ہے۔یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو لاپتہ افراد کیسوں کے حوالہ سے خصوصی شہرت ملی تھی تاہم آمنہ مسعود جنجوعہ کا کہنا ہے کہ سابق چیف جسٹس کے دور سے لے کر آج تک میری مراد پوری نہیں ہو سکی، خصوصی بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے عدالت سے بڑی امیدیں وابستہ کی تھیں اور اب بھی ہم سمجھتے ہیں کہ عدالت عظمیٰ ہی اس معاملہ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے اور پوری قوم عدالت کی طرف دیکھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ ان کے خاوند کا کیس کمیشن کو بھیجنے پر انہیں مایوسی ہوئی ہے تاہم وہ کمیشن سے اس حوالہ سے رجوع کریں گی۔انہوں نے کہا کہ وہ چاہتی تھیں کہ اس کیس کے اہم گواہ کا بیان بیرون ملک سے ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کیا جائے لیکن بنچ تبدیل ہونے کے بعد یہ فیصلہ تبدیل کر دیا گیا۔واضح رہے کہ موجودہ چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی 5جولائی کو ریٹائر ہوجائیں گے اور جسٹس ناصر الملک نئے چیف جسٹس ہوں گے۔

رواں سال ایک اور جج جسٹس محمد اطہر سعیدبھی 29ستمبر 2014ء کو ریٹائر ہوں گے۔ اگلے چیف جسٹس ناصرالملک15اگست 2015ء اور اس کے بعد جسٹس جواد ایس خواجہ 9 ستمبر 2015ء کو ریٹائر ہوں گے۔ جسٹس سرمد جلال عثمانی 12 اکتوبر 2015ء‘ جسٹس اعجاز چوہدری 14 دسمبر 2015ء جبکہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خواجہ امتیاز 29 مارچ 2015ء‘ جسٹس الطاف ابراہیم‘ جسٹس شعیب سعید‘ جسٹس افتخار حسین 31 مارچ کو ریٹائر ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :