خیبرپختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی کا فارورڈ بلاک پی ٹی آئی کا اندرونی معاملہ ہے،سراج الحق، فارڈور بلاک کے اراکین اسمبلی چوکوں اور شاہراہوں پر اپنے کپڑے نہ دھوئیں بلکہ گھر کے اندر اپنے کپڑے دھوئیں،پی ٹی آئی سیاست اور اقتدار میں نئی ہے،پی ٹی آئی کو پہلی ابر اقتدار میں ملا،وزارتیں کم ہیں اور وزارتوں کے خواہشمند پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی زیادہ ہیں،وزارت نہ ملنے کے باعث پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کو پریشانی لاحق ہوگئی ہے،اس وجہ سے فارورڈ بلاک بنا ہے، میڈیا سے گفتگو

پیر 14 اپریل 2014 06:52

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14اپریل۔2014ء)سینئر صوبائی وزیر خیبرپختونخوا سراج الحق نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی کا فارورڈ بلاک پی ٹی آئی کا اندرونی معاملہ ہے لیکن فارڈور بلاک کے اراکین اسمبلی چوکوں اور شاہراہوں پر اپنے کپڑے نہ دھوئیں بلکہ گھر کے اندر اپنے کپڑے دھوئیں،پی ٹی آئی سیاست اور اقتدار میں نئی ہے،پی ٹی آئی کو پہلی ابر اقتدار میں ملا،وزارتیں کم ہیں اور وزارتوں کے خواہشمند پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی زیادہ ہیں،وزارت نہ ملنے کے باعث پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کو پریشانی لاحق ہوگئی ہے،اس وجہ سے فارورڈ بلاک بنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار سراج الحق نے سینیٹر حاجی غلام علی کے والد حاجی سبز علی مرحوم کی وفات پر تعزیت کے موقع پر حاج غلام علی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،سراج الحق نے کہا کہ خیبرپختونخوا وزیراعلیٰ حکومتی و سرکاری معاملات میں اتحادی جماعت جماعت اسلامی سے مکمل مشاورت کرتی ہے،فارورڈ بلاک ان کے گھر کا اندرونی معاملہ ہے،لیکن فارورڈ بلاک والے اپنے معاملے کو چوکوں اور شاہراہوں پر لے آئے ہیں،ہم ان سے کہنا چاہتے ہیں کہ وہ چوراہوں اور شاہراہوں پر اپنے کپڑے نہ دھوئیں بلکہ گھر کے اندر دھوئیں،انہوں نے کہا کہ حکومت اور طالبان کے مابین مذاکرات کو فیصلہ کن بنانا چاہئے کیونکہ امن کے قیام سے ہی ملک کا مستقبل وسلامتی وابستہ ہے،انہوں نے کہا کہ سینئر وغیرہ سے مستعفی ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ جماعت اسلامی کی مرکزی شوریٰ کرے گی،جماعت اسلامی ایک پرانی سیاسی جماعت ہے،جس کا اپنا باقاعدہ ایک نظام ہے اور جماعت کے تمام ایسے فیصلے جماعت کی قیادت نہیں بلکہ جماعت کی شوریٰ کرتی ہے،شوریٰ نے سینئر وزارت سے مستعفی ہونے کا حکم دیا تو ایک منٹ بھی دیر نہیں کروں گا،ہم ڈسپلن کے لوگ ہیں،انہو ں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئندہ خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے مکمل طور پر تیار ہے اور ہمارے امیدوار میدان جیتنے کیلئے پرعزم ہیں،انہوں نے کہا کہ تحفظ پاکستان بل قبائلی علاقوں کی ایس سی آر کی طرح کالا قانون ہے،حکومت وزیراعظم کو اس کو نافذ نہیں کرنا چاہئے،اگر وزیراعظم کو کوئی پریشانی ہے یا ان پر کوئی دباؤ ہے اور کسی نے سپیڈ بریکر لگا کر ان کو روکا ہوا ہے تو وزیراعظم اس سپیڈ بریکر کو ختم کریں کیونکہ وہ ایک منتخب وزیراعظم ہیں،وزیراعظم نواز شریف جمہوری رویہ اپنائیں اور تحفظ پاکستان بل کو فوری طور پر واپس لینے کا اعلان کریں،ہمیں امید ہے کہ سینیٹرز بھی سینیٹ اجلاس میں تحفظ پاکستان بل کو پاس نہیں ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے سینیٹر غلام علی کے والد حاجی سبز علی مرحوم جو کہ95سال کی عمر میں وفات پاچکے ہیں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حاجی سبز علی نے پاکستان کے قیام میں اہم کردار ادا کیا تھا اور ملکی تاریخ میں ان کا اپنا ایک تاریخی کردار رہا ہے۔