پاک بھارت دوستی کا سفر تنازعات ختم کئے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا،عبد الباسط،پاکستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات آگے بڑھانے کے خواہاں ہے ،نئی بھارتی حکومت کے ساتھ بات چیت کا عمل جاری رہے گا، تنازعات ختم نہ ہوئے تو ورکنگ ریلیشن شپ قائم رہنا ممکن نہیں ،پاکستانی سفیر

پیر 14 اپریل 2014 06:54

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14اپریل۔2014ء)بھارتی میں پاکستانی سفیر عبد الباسط نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ خوشگوار تعلقات قائم کرنے کا خواہاں ہے تاہم ورکنگ ریلیشن شپ اور پائیدار دوستی کاسفر تنازعات کا جڑ سے خاتمہ کئے بغیر ممکن نہیں ۔دونوں ممالک کے تاجروں کی حیثیت ایک پل کی ہے جسے مضبوط کرنا ہوگا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں عبد الباسط نے کہا کہ جون2014 ء میں بننے والی نئی بھارتی حکومت اور نواز شریف حکومت تنازعات کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ تا دیر قائم نہیں رہ سکتے ۔

پائیدار دوستی اور اچھے ہمسائے کے لئے تنازعات جڑ سے ختم کرنا ہوں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارتی حکومت نواز شریف کے ویژن کا مثبت جواب دے گی اور تنازعات مستقل بنیادوں پر حل کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تجارت کو نئی جہت فراہم کرنے کے لئے سنجیدہ ہیں اور اس سلسلے میں وہ اپنے پڑوسی ملک بھارت کو کافی ترجیح دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تاجر آپس کے تعلقات کو سدھارنے میں کافی مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں تاہم اس سلسلے میں تاجروں کے مسائل اولین ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تجارت کو فروغ دینے کے حوالے سے پہلے ہی کئی اقدامات اٹھا چکا ہے ۔ پاکستان اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ باہمی تعلقات کو آگے کو لے جانے کا خواہشمند ہے اور اسلسلے میں تجارت بہترین رول ادا کر سکتا ہے ۔عبد الباسط نے کہا کہ سال 2013بھارت اور پاکستان کے درمیان کئی پیچیدگیوں کے باوجود تجارت کے حوالے سے مثبت ثابت رہا۔

متعلقہ عنوان :