عام آدم بھی خاص نکلے، پارٹی کے کئی امیدوار کروڑ پتی، اثاثوں کی تفصیلات جاری

پیر 14 اپریل 2014 06:37

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14اپریل۔2014ء) بھارت کی عام آدمی کی پارٹی بھی بہت خاص نکلی، ایک دو نہیں بلکہ پارٹی کے درجنوں امیدوار کروڑ پتی ہیں، اثاثوں کی تفصیلات سامنے آئیں تو عام آدمی کے ہاتھوں کے طوطے اڑ گئے۔ڈھونگی پاکھنڈی، بھرشٹا چاری، ایسے القابات بالی ووڈ میں نیتاوٴں یعنی سیاستدانوں کیلئے استعمال ہوتے ہیں، عام آدمی پارٹی نے اس تاثر کو ختم کرنے کا دعویٰ کیا تھا، مگر اندر سے یہ انڈے بھی گندے ہی نکلے۔

(جاری ہے)

بھارتی ایسوسی ایشن آف ڈیموکریٹک رائٹس کی رپورٹ کے مطابق عام آدمی پارٹی کے 200 میں سے 86 امیدوار کروڑ پتی ہیں، بنگلور سے کھڑے ہونے والے بالا کرشنا کے اثاثے 189 کروڑ جبکہ مہاراشٹر کی انجلی دمانیہ 19 کروڑ روپے کی مالک ہیں۔عام آدمی پارٹی کی ایک اور امیدوار سابق اسٹار نیوز اینکر شازیہ علمی کے اثاثوں کی مالیت 30 کروڑ ہے، ریٹائر جنرل کادیان کے اثاثے 13 کروڑ جبکہ اداکارہ و سیاستدان گل پانگ کے پاس 12 کروڑ روپے ہیں۔عام آدمی پارٹی کے نظریاتی پالیسیوں کے سربراہ یوگندرا یادیو نے 2 کروڑ کے اثاثے ظاہر کئے ہیں۔