صوبے میں کرپشن ناقابل برداشت‘ جڑ سے ختم کردیں گے‘ شہباز شریف،سیلاب 2010ء ایک عذاب تھا جس سے پنجاب کی معیشت بری طرح متاثر ہوئی‘ متاثرین کی بحالی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں عالمی برادری نے مثالی تعاون کیا‘ وزیراعلی پنجاب کا دورہ مظفرگڑھ‘ ترک ہسپتال اور کالونی کا افتتاح‘ کئی ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

پیر 14 اپریل 2014 06:31

مظفرگڑھ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14اپریل۔2014ء) وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے سیلاب 2010ء کو عذاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس قدرتی آفت نے صوبے کی معیشت کو بری طرح متاثر کیا تاہم ترکی سمیت عالمی برادری نے متاثرین کی بحالی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں ایسا تعاون کیا جس کی کوئی مثال نہیں ملتی‘ صوبے میں کرپشن ناقابل برداشت‘ جڑ سے ختم کریں گے‘ سیلاب 2010ء کے متاثرین کیلئے مظفرگڑھ میں ترکی کے تعاون سے بنائے گئے ہسپتال اور ترک کالونی کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہسپتال 21 جون سے باقاعدہ کام شروع کردے گا جبکہ ہسپتال کا نام طیب اردگان ہسپتال رکھا جائے گا اور ہسپتال کا نظام سرکاری مشینری کی بجائے ٹرسٹ چلائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے انچارج ڈاکٹر باری ہوں گے اور ٹرسٹ کے ممبران میں مظفرگڑھ سے بھی دو ارکان لئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ہسپتال چلانے کیلئے مخیر حضرات سے بھی تعاون لیا جائے گا۔ وزیراعلی نے کہا کہ لودھراں کے بعد مظفرگڑھ میں یہ بڑا ہسپتال ترک عوام کا تحفہ ہے۔ وزیراعلی نے اعلان کیا کہ ہسپتال میں سو فیصد مریضوں کا مفت علاج ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی تعمیر میں ترکی کے وزیراعظم نے طیب اردگان کی اہلیہ نے فنڈز اکٹھے کئے۔

وہ ان کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں اسی لئے ہسپتال کا نام طیب اردگان ہسپتال رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ ہسپتال کے آلات کے معیار کی طرح عملے کا بھی معیار ہوگا جس کی نگرانی ٹرسٹ کرے گا۔ وزیراعلی نے ہسپتال ٹرسٹ بنانے کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلی نے مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کے ہمراہ ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ ترک نمائندگان نے وزیراعلی کو ہسپتال کے دورے کے دوران بریفنگ میں بتایا کہ ہسپتال میں علاج کی تمام سہولیات اور آلات موجود ہیں۔

ہسپتال 18 کنال اراضی پر دو سال کی مدت میں مہیاء کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی تکمیل سے جنوبی پنجاب کے عوام کو جدید طبی سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال ترک عوام کی طرف سے متاثرین سیلاب کیلئے ایک بے مثال تحفہ ہے اور جنوبی پنجاب کے عوام اور حکومت پنجاب ترکی کی حکومت اور ترک عوام کی طرف سے دئیے گئے اس تحفے پر ان کے شکر گزار ہیں۔

وزیراعلی نے کہا کہ سیلاب سے صوبے کی معیشت بری طرح متاثر ہوئی۔ متاثرین سیلاب کی بحالی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر نو کیلئے بین الاقوامی برادری باالخصوص ترکی نے بے حد تعاون کیا۔ شہباز شریف نے مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق و دیگر حکام کے ہمراہ مظفرگڑھ کے دریائے چناب کے کٹاؤ سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا۔ وزیراعلی نے 44 کروڑ روپے کی لاگت سے ان علاقوں میں 8 سیرز کی تعمیر کی منظوری دینے کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعلی نے کہا کہ دریائے چناب کے کٹاؤ کو روکنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور انہوں نے محکمہ انہار کے حکام کو فوری طور پر سپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ کٹاؤ کو روکنے کیلئے فوری کام شروع ہوسکے۔ وزیراعلی نے کہا کہ یہ عوامی نوعیت کا منصوبہ ہے۔ وہ کرپشن برداشت نہیں کریں گے۔ حکومت نے کرپشن کے خاتمے کا تہیہ کررکھا ہے۔ مظفرگڑھ کے عوام کو دریا کے کٹاؤ سے محفوظ بنانے کیلئے تمامتر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔