اسلام آباد ہائیکورٹ ،چیئرمین پیمرا کیس، عدا لت نے چیئرمین پیمرا محمد رشید کیس کے حوالے سے حکومت کو جواب داخل کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دے دی

منگل 15 اپریل 2014 06:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اپریل۔2014ء)اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پیمرا محمد رشید کیس کے حوالے سے حکومت کو جواب داخل کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دے دی‘ درخواست گزار کے وکیل وسیم سجاد عدالت میں پیش ہوئے جبکہ حکومت کی طرف سے راجہ خالد محمود خان ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ پیر کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ریاض محمد خان پر مشتمل سنگل بنچ نے چیئرمین پیمرا محمد رشید کیس کی سماعت کی۔

حکومت کے وکیل راجہ خالد محمود خان ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین پیمرا کیس میں ایک پٹیشن کا جواب داخل کرادیا گیا ہے جبکہ دوسرا نوٹس حکومت کو ابھی موصول نہیں ہوا۔ عدالت نے دلائل سنتے ہوئے حکومتی وکیل کو ہدایت کی کہ چیئرمین پیمرا کیس میں ایک ہفتے کے اندر جواب داخل کرایا جائے۔

(جاری ہے)

حکومتی وکیل نے اعتراض کیا کہ درخواست گزار کیس کا سامنا کرنے کی بجائے عدالتوں میں پٹیشن در پٹیشن دائر کررہے ہیں۔

ہائیکورٹ کے جسٹس ریاض محمد خان نے حکومتی وکیل کو ہدایت کی کہ آپ مزے کریں اور عدالتوں میں پیش ہوتے رہیں۔ آپ کو کیا تکلیف ہے۔ درخواست گزار کے وکیل وسیم سجاد نے عدالت کو بتایا کہ پٹیشنر کو کیس کا سامنا کرنے کا موقع ہی نہیں دیا جارہا۔ عدالت نے کیس کی سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کرتے ہوئے حکومت کو ہدایت کی کہ چیئرمین پیمرا کیس میں ایک ہفتے کے اندر تفصیلی جواب داخل کرایا جائے۔ بعدازاں سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی گئی۔

متعلقہ عنوان :