بابر اعوان نے وکالت کے لائسنس کی بحالی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی،سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے5 جنوری 2012 کو بابر اعوان کے وکالت کا لائسنس معطل کرنے کا حکم دیا تھا

منگل 15 اپریل 2014 06:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اپریل۔2014ء) سابق وزیر قانون سینیٹر بابر اعوان نے وکالت کے لائسنس کی بحالی کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

(جاری ہے)

تفصیلا ت کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر قانون سینیٹر بابر اعوان نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ وکالت ان کا پیشہ ہے اور اسی سے وہ اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں، سپریم کورٹ کی جانب سے دو برس قبل ان کا وکالت کا لائسنس معطل کیا گیا تھا، وہ توہین عدالت پر عدالت عظمیٰ سے غیر مشروط معافی بھی مانگ چکے ہیں لیکن اب تک اس کیس کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، وکالت کا لائسنس معطل ہونے کی وجہ سے وہ شدید مالی مشکلات کا بھی شکار ہیں اس لئے عدالت عظمٰی سے درخواست ہے کہ ان کا لائسنس بحال کیا جائے۔

واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے 5 جنوری 2012 کو توہین عدالت کیس پر بابر اعوان کے وکالت کا لائسنس معطل کرنے کا حکم دیا تھا۔