حکومت اور فوج تمام معاملات پر ایک پیج پر ہیں، پرویز رشید، جے یو آئی وزراء کے استعفے موصول نہیں ہوئے،مولانا فضل الرحمان سے ان کی لندن سے واپسی پر بات ہوگی،میڈیا گفتگو

منگل 15 اپریل 2014 06:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اپریل۔2014ء)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہاہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے استعفے موصول نہیں ہوئے، مولانافضل الرحمن اہم اتحادی ہیں، تحفظات دور کرینگے، سربراہ جے یو آئی (ف) کی وطن واپسی پر ساری صورتحال واضح ہوجائیگی، طالبان قیدیوں بارے وزیر داخلہ ہی بتا سکتے ہیں۔پیر کے روزیہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) اہم اتحادی جماعت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر اکرم خان درانی اور وزیر مملکت عبدالغفور حیدری کے استعفے ابھی تک موصول نہیں ہوئے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ مولانافضل الرحمن اس وقت برطانیہ کے دورے پر ہیں جیسے ہی سربراہ جے یو آئی وطن واپس آئینگے تو اس معاملے پر ان سے بات چیت کی جائیگی اور جمعیت علمائے اسلا م(ف) کے تحفظات کو دور کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرینگے۔انہوں نے مزید کہاکہ فوج اور حکومت کے معاملات ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے اور چاہتی ہے کہ معاملات مذاکرات کے ذریعے ہی حل ہوں۔ انہوں نے مزید کہاکہ طالبان قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ہی بتا سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :