پی آئی اے میں انقلابی تبدیلیاں آ رہی ہیں تو حکومت کو نجکاری کا ارادہ ترک کر دینا چاہئے، اعتزاز احسن کا سینیٹ کے اجلاس میں حکومت کو مشورہ

منگل 15 اپریل 2014 06:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اپریل۔2014ء) سینٹ میں قائدحزب اختلاف ا عتزاز احسن نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ اگرحکومتی دعوؤں کے مطابق پاکستان انٹر نیشیل ائر لائنز میں برے پیمانے پر انقلابی تبدیلیاں آرہی ہے اور کارکردگی میں احسن طریقہ سے بتدریج بہتری آرہی تو مو جودہ حکومت کو اس بہتری کی جانب بڑ ھتے ہوئے ادارے کی نجکاری کا ارادہ ترک کر دینا چا ہئے۔

گزشتہ روز سینٹ کے103 ویں اجلاس کے دوران پیر کے روز ایوان میں سینیٹر طلحہ محمود کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ائرلائن کی مجموعی قرارداد کو زیر بحث لانے کی تحریک پرجواب دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ(نواز) کے راہنماء اور سینیئر حکومتی رکن سینیٹر شیخ آفتاب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کے سابقہ دور میں ہر دفعہ پی آئی اے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اور خسارے میں کمی لانے کی کوشش کی گئی جن میں پاکستان مسلم لیگ (نواز ) کو خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ 90ء کی دہائی میں2ارب 5کروڑ کا خسارہ 2013ء میں31ارب54کروڑ تک جاپہنچا تھا،جس کی کئی وجوہات تھیں جن میں بغیر میرٹ کے تقرریاں، ضرورت سے زائد افراد کی بھرتیاں، غلط ادارہ جاتی پالیسیاں، اقرباء پروریاں اور مالی بد عنوانیاں شامل تھیں تاہم موجودہ حکومت نے پی آئی اے کو16ارب روپے فراہم کئے تاکہ مختلف ادائیگیاں کی جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے ڈرائی لیز پر10جہاز حاصل کر رہی ہے جن کی شمولیت سے نہ صرف پاکستان انٹر نیشیل ائر لائنز کی پروازوں کا شیڈول بہتر ہوسکے گا بلکہ سروس کو بھی معیاری بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق بہتر انداز میں پی آئی اے کی انتظامیہ تبدیل کی جارہی ہے تاکہ تجربہ کار وایماندار افراد ادارے کی کارکردگی کو بہتر بناسکیں۔شیخ آفتاب کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایوان وہ ایوان کو پی آئی اے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ایوان کو یقین دہانی کرواتے ہیں،اس موقع پر سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ اگر پی آئی اے میں اس قدر انقلابی تبدیلی آرہی ہے اور کارکردگی میں بہتری آرہی ہے تب تو حکومت کو اس کی نجکاری کا ارادہ ترک کردینا چاہئے جس کے بعد پی آئی اے کی مجموعی کارکردگی پر ایوان میں بحث کی تحریک نمٹا دی گئی۔