پاکستان اورسعودی عرب معاشی تعاون کے نئے دورکاآغازکررہے ہیں ،خرم دستگیرخان،سعودی عرب پاکستان میں توانائی ،زراعت اورانفراسٹرکچرکے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے،وزیرتجارت کی سعودی ولی عہدسے ملاقات

بدھ 16 اپریل 2014 06:43

ریاض ،اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اپریل۔2014ء)وزیرتجارت انجینئرخرم دستگیرخان نے کہاہے کہ پاکستان اورسعودی عرب معاشی تعاون کے نئے دورکاآغازکررہے ہیں ،سعودی عرب پاکستان میں توانائی ،زراعت اورانفراسٹرکچرکے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے۔ان خیالات کااظہاروفاقی وزیرنے سعودی ولی عہدشہزادہ سلمان بن عبدالعزیزسے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں سعودی عرب کے وزیرتجارت ڈاکٹرتوفیق بن فوزان الربیعہ ،سعودی عرب میں تعینات پاکستان کے سفیرمحمدنعیم خان ،اکنامک افیئرزڈویژن کے ایڈیشنل سیکرٹری اظہرچوہدری اورریاض میں متعین پاکستان کے کمرشل کونسلروسیم باجوہ بھی موجودتھے ۔

انجینئرخرم دستگیرخان نے سعودی ولی عہد کوصدراوروزیراعظم پاکستان کاتہنیتی پیغام بھی پہنچایا۔

(جاری ہے)

سعودی ولی عہدنے بھی دونوں رہنماوٴں کیلئے اپنی نیک تمناوٴں کااظہارکیا۔شہزادہ سلمان نے اپنے پاکستان کے حالیہ دورے کاذکرکرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ان کادوسراگھرہے اورسعودی عرب پاکستان اورپاکستانی قوم کی ہرفورم پرحمایت اورمعاونت جاری رکھے گا۔دونوں لیڈران نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی تعریف کی اورکہاکہ سعودی عرب کی ترقی اورپاک سعودی تعلقات میں پاکستانی کمیونٹی کاکردارانتہائی اہمیت کاحامل ہے ۔

دونوں رہنماوٴں نے اتفاق کیاکہ پاکستان اورگلف کوآپریشنکونسل کے درمیان جلدآزادتجارتی معاہدہ طے پانے کی صورت میں پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تجارت کوتیزی سے فروغ حاصل ہوگا۔

وفاقی وزیرنے سعودی عربیہ جنرل انوسٹمنٹ اتھارٹی (ساجیا)کے بورڈآف ڈائریکٹرکے گورنراورچیئرمین عبداللطیف اے العثمان سے بھی ملاقات کی ۔ملاقات میں اتفاق رائے کیاگیاکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی معاہدہ تجارت کے فروغ میں مددگارثابت ہوگا۔ملاقات میں پاکستانی کمپنیوں کی سعودی عرب میں رجسٹریشن کامعاملہ بھی زیرغورآیا۔ساجیاکے بورڈآف ڈائریکٹرکے گورنرنے وفاقی وزیرکویقین دلایاکہ اتھارٹی پاکستانی سرمایہ کاروں کوسعودی عرب میں ہرممکن سہولت فراہم کریگی۔

متعلقہ عنوان :