سردار مہتاب احمد خان عباسی نے خیبر پختونخوا کے گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا،پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل نے حلف لیا

بدھ 16 اپریل 2014 06:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اپریل۔2014ء)مسلم لیگ(ن) کے رہنماء سردار مہتاب احمد خان عباسی نے خیبر پختونخوا کے گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ۔گذشتہ روز گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ تقریب میں پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل نے حلف لیا ۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف  وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور کئی دیگر صوبائی و وفاقی وزراء کے علاوہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے شرکت کی ۔

حلف برادری تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نئے گورنر سردار مہتاب احمد خان عباسی نے کہا کہ فاٹا کی تباہ حال ڈھانچے کی بحالی  تعمیر نو اور آئی ڈی پیز کی واپسی ان کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہے اور ان چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے وہ مکمل طور پر تیار ہیں ۔

(جاری ہے)

گزشتہ دس بارہ سالوں کے دوران فاٹا کی صورتحال میں عسکریت پسند بھی یہ سوچنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ وہ یرغمال ہو چکے ہیں کوئی بھی عسکریت پسند اگر ہتھیار ڈالتا ہے تو اس کو عام معافی دینی چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس بارہ سالوں کے دوران عوام اور فورسز نے قربانیاں دی ہیں ملکی معیشت کو سو ارب روپے کا نقصان ہوا اب ملک کے تشخص کو بحال کرنا ہو گا ۔ وزیراعظم نواز شریف نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے اس کا مقصد ہی یہی ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اس کی پرامن تاریخ واپس بحال کی جائے ۔ بدامنی کی صورتحال کو ٹھیک کرنا ہو گا ۔ گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ فاٹا کے عوام کا ساٹھ سالوں سے کوئی پرسان حال نہیں  قبائلی علاقہ جات ملک کی پشت کی دیوار ہیں اگر یہ دیوار کمزور ہوتی ہے تو ملک کو نقصان پہنچے گا ۔

ہمیں اس پشت کی دیوار کو ٹھیک کر کے اسے سیسہ پلائی دیوار میں تبدیل کرنا ہو گا ۔ قبائلی ملک کے سپاہی ہیں اور میرے لئے ایک چیلنج ہے کہ فاٹا کے عوام کا اپنے اور ملک کے اوپر اعتماد بحال کیا جائے ملک میں اب خون کی ہولی بند کرنی ہو گی اور یہاں پر ایک مرتبہ پھر امن کے جھنڈے لہرانے ہوں گے ۔

متعلقہ عنوان :