2009ء سے اب تک 5منصوبوں کے لئے ایچ ای سی و487.160ملین روپے کی رقم بطورغیرملکی امدادوتعاون وصول کی ہے ،بلیغ الرحمن ،ملک میں ایک قومی نصاب کونسل اورقومی نصاب کمیشن کے قیام کافیصلہ کیاگیاہے،۔گزشتہ 5سال میں اسلام آبادمیں 20سرکاری ونجی یونیورسٹیوں نے 13026طلباء کوپی ایچ ڈی اورایم فل کی ڈگریاں دی ہیں ،سینٹ کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے تحریری جوابات

بدھ 16 اپریل 2014 06:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اپریل۔2014ء)وزیرمملکت برائے تعلیم میاں بلیغ الرحمن نے کہاہے کہ 2009ء سے اب تک 5منصوبوں کے لئے اعلیٰ ثانوی تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی )کو487.160ملین روپے کی رقم بطورغیرملکی امدادوتعاون وصول کی ہے ،ملک میں ایک قومی نصاب کونسل اورقومی نصاب کمیشن کے قیام کافیصلہ کیاگیاہے ۔گزشتہ 5سال میں اسلام آبادمیں 20سرکاری ونجی یونیورسٹیوں نے 13026طلباء کوپی ایچ ڈی اورایم فل کی ڈگریاں دی ہیں ۔

منگل کے روزسینٹ کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے تحریری جوابات دیتے ہوئے وزیرمملکت برائے تعلیم میاں بلیغ الرحمن نے کہاہے کہ اعلیٰ ثانوی تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی)نے 2009ء سے 5منصوبوں کیلئے کل 487.160ملین روپے کی رقم بطورغیرملکی امدادوتعاون وصول کی ہے جس سے 401.006ملین روپے کے اخراجات اٹھائے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایوان کومطلع کیاکہ مذکورہ رقم برائے اخراجات میں سے 171.780ملین روپے کی خطیررقم کووظائف کے لئے مخصوص کیاگیا۔

بلیغ الرحمن نے کہاکہ حکومت نے ملک میں معیارتعلیم بہتربنانے کیلئے جہاں پرتعلیم نہیں ہے ایسی آبادیوں میں تعلیم کے لئے 21,639فیڈرزاسکول قائم کئے ہیں جبکہ ان سکولوں میں جہاں اساتذہ کاطالبعلموں کے مقابلے میں تناسب متاثرہورہاہے ایسے سکولوں میں 13,606اضافی اساتذہ کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے ۔انہوں نے ایوان کوبتایاکہ وفاقی وزیربرائے تعلیم وتربیت واسٹینڈرڈان ہائرایجوکیشن نے صوبائی وزراء کوتجویزبھیجی ہے کہ جس کے تحت ایک قومی نصاب کمیشن قائم کیاجائے جوصوبائی ووفاقی دونوں درجوں سے اراکین پرمشتمل ہواوربطورچیئرمین وفاقی وصوبائی دونوں حکومتیں اپنی باری آنے پراپنے فرائض اداکریں ۔

انہوں نے کہاکہ ایک قومی نصاب کونسل کے قیام کافیصلہ کیاگیاہے جوکہ براہ راست آئی پی ای ایم سی کواپنی رپورٹ پیش کریگی ۔ایک اورسوال کے جواب میں بلیغ الرحمن نے کہاکہ گزشتہ پانچ سال کے دوران وفاقی دارالحکومت میں بیس سرکاری ونجی یونیورسٹیوں نے کل 13026طلباء کوایم فل اورپی ایچ ڈی کی ڈگریاں دی ہیں ۔