صدر مملکت ممنون حسین کی کی نو منتخب گورنر کے پی کے مہتاب عباسی سے ملاقات ، مبارکباد دی ، حکومت قبائلی علاقوں کے عوام کی سماجی ، معاشی و اقتصادی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ،ممنون حسین

جمعرات 17 اپریل 2014 06:35

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17اپریل۔2014ء ) صدر مملکت ممنون حسین سے گورنر خیبر پختونخواہ سردار مہتاب خان عباسی نے ملاقات کی ۔ صدر نے انہیں گورنر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔ ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات کے دوران صدر نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب گورنر خیبر پختونخواہ خصوصاً فاٹا کے لوگوں کو امن واستحکام اور ترقی میں بھرپور تعاون فراہم کرتے ہوئے اس حوالے سے اہم کردار ادا کرینگے ۔

(جاری ہے)

صدر نے کہا کہ حکومت قبائلی علاقوں کی سماجی و اقتصادی ترقی اور ان کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ جبکہ فاٹا کے لوگوں کی محرومیاں دور کرنے اور انہیں قومی دھارے میں لانے کے لئے اہم اقدامات کررہی ہے ۔ سردار مہتاب عباسی نے اس موقع پر صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین دہانی کرائی کہ وہ خیبرپختونخواہ کے عوام کی ترقی کیلئے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائینگے ۔