تحریک انصاف سپورٹس اینڈ کلچر فورم کے زیرِاہتمام پہلی مرتبہ آئی پی ایل کی طرز پر کرکٹ لیگ کا انعقاد ، ٹورنا منٹ 23 مئی سے 18مئی تک کھیلاجائیگا، سیمی فائنلز اور فائنل اقبال سٹیڈیم فیصل آبادمیں کھیلے جائیں گے

جمعرات 17 اپریل 2014 06:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17اپریل۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف سپورٹس اینڈ کلچر فورم کے زیرِاہتمام پاکستان میں پہلی مرتبہ آئی پی ایل کی طرز پر کرکٹ لیگ کا انعقاد ہونے جا رہا ہے ، ٹورنا منٹ 23 مئی سے 18مئی تک کھیلاجائے گا۔سیمی فائنلز اور فائنل اقبال سٹیڈیم فیصل آبادمیں کھیلے جائیں گے۔ گذشتہ روز انصاف سپورٹس اینڈ کلچر فورم کے صدر افتخار الہٰی نے عمر خیام ، رانا اختر حسین ، وقاص افتخار بٹ ، لقمان قاضی و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جنہوں نے پاکستان میں ٹورنامنٹ کروانے کی اجازت دی ہے ، اس ٹورنا منٹ کا نام " لو پاکستان T-20 کرکٹ لیگ" رکھا گیا ہے اس لیگ میں چھ ٹیمیں حصہ لیں گی ۔

چار صوبائی ٹیموں کے علاوہ وفاقی ٹیم ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر کی قیادت میں ٹورنا منٹ میں حصہ لے گی ،پنجاب کی ٹیم کی قیادت مصباح الحق کریں گے اور افغانستان کی ٹیم بھی حصہ لے گی ۔

(جاری ہے)

اس لیگ کا مقصد پاکستان کو کرکٹ کے ویران میدانوں میں رونقیں بحال کرنا اور پاکستان کی انٹر نیشنل سطح پر تنہائی کو دور کرنے کی ایک کوشش ہے۔ اس لیگ میں قومی سٹارز کرکٹر کے علاوہ بین الاقوامی کرکٹر بھی شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ آئی ایس ایف اور یوتھ ونگ ٹورنا منٹ میں شانہ بشانہ ساتھ دے گے۔ ٹورنامنٹ میچز پشاور، راولپنڈی، کوئٹہ ، ملتان اور فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے۔ واضح رہے 35 سالوں میں پہلی مرتبہ کوئٹہ شہر میں اتنے بڑے لیول کا میچ کھیلا جائے گا جس سے بلوچستان کی عوام کی احساس محرومی اور سیکیورٹی خدشات کے خاتمے میں بڑی حد تک مدد ملے گی۔انہوں نے کہاکہ لو پاکستان T20 کرکٹ لیگ کی ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ۔