تعلیم ملک کیلئے زندگی کا درجہ رکھتی ہے، جدید دنیا میں اعلیٰ تعلیم ملک کی معاشی اور سماجی ترقی میں کلیدی کردار کی حامل ہے،صدر ممنون حسین،ملک کی ترقی و خوشحالی یقینی بنانے کیلئے مختلف شعبوں میں جدید تحقیق پر توجہ مرکوز کی جائے، یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز سے گفتگو

جمعہ 18 اپریل 2014 06:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18اپریل۔ 2014ء)صدر ممنون حسین نے ملک کی ترقی اور خوشحالی یقینی بنانے کیلئے مختلف شعبوں میں جدید تحقیق پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم ملک کیلئے زندگی کا درجہ رکھتی ہے اور جدید دنیا میں اعلیٰ تعلیم ملک کی معاشی اور سماجی ترقی میں کلیدی کردار کی حامل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایوانِ صدر اسلام آباد میں پانچ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں سے باتیں کر تے ہوئے کیاجنہوں نے صدر کو اپنی جامعات میں تعلیم وتحقیق کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صدر نے اس موقع پر کہا کہ تعلیم ملک کیلئے زندگی کا درجہ رکھتی ہے اور جدید دنیا میں اعلیٰ تعلیم ملک کی معاشی اور سماجی ترقی میں کلیدی کردار کی حامل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یونیورسٹیوں اور صنعتوں کے درمیان رابطے کی بہتر فضاء قائم کرنے پرزور دیتے ہوئے کہا کہ روز گار کے مواقع پید اکرنے کے ساتھ ساتھ تحقیق کے فروغ کیلئے بھی کوششیں کی جائیں تاکہ ملک کے نوجوانوں کو جدید دنیا کے تیکنیکی تقاضوں کے مطابق ڈھال کر عالمی معیار کی مصنوعات سازی اور خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

صدر نے عالمی سطح کی نامور یوینیورسٹیوں کے ساتھ روابط قائم کرکے معلومات اور تحقیقی سرگرمیوں کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے یقین دلا یاکہ حکومت ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون کرنے کیلئے پر عزم ہے۔