بلاول بھٹو زرداری کی پارٹی کے سندھ اسمبلی کے اراکین سے ملاقات،عوام کے بنیادی مسائل کے فوری حل سمیت ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے موٴثر قانون سازی کی ہدایت دی

جمعہ 18 اپریل 2014 06:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18اپریل۔ 2014ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی سے تعلق رکھنے والے سندھ اسمبلی کے اراکین سے بلاول ہاوٴس میں ملاقات کے دوران عوام کے بنیادی مسائل کے فوری حل سمیت ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے موٴثر قانون سازی کی ہدایات دیں۔

(جاری ہے)

صوبائی اسمبلی کے اراکین کے اعزاز میں عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں سندھ کے عوام کا پیپلز پارٹی پر اعتماد اس بات کا مظہر ہے کہ وہ سندھ میں ترقی پسند اور جمہوری قدروں کے تسلسل پر یقین رکھتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے سندھ پولیس کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔تقریب میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو و دیگر شہدائے جمہوریت کے لیے دعا کی گئی۔ اجلاس میں شریک اراکین سندھ اسمبلی نے شریک چیئرمین آصف علی زرادی اور سرپرست اعلی بلاول بھٹو زرادی کی قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ اراکین اسمبلی نے اپنے حلقوں کی ترقیاتی و سیاسی صورتحال سے سرپرست اعلی بلاول بھٹو زرداری کو آگاہ کیا۔