محکمہ صحت حکومت خیبر پختو نخوا نے پولیو خاتمہ مہم فوج کے سپرد کرنے کے حوالے سے خبر کوبے بنیاد قرار دیا

ہفتہ 19 اپریل 2014 07:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اپریل۔ 2014ء)محکمہ صحت حکومت خیبر پختو نخوا نے پولیو خاتمہ مہم فوج کے سپرد کرنے کے حوالے سے بعض اخبارات میں شائع شدہ خبر کوبے بنیاد قرار دیا ہے۔ڈاکٹر امتیاز علی شاہ ٹیکنیکل فوکل پرسن چیف منسٹر مانیٹرنگ سیل چیف منسٹر سیکرٹریٹ پشاور نے بتایا کہ جی ایچ کیو میں ہونے والے اجلاس میں ملک سے پولیو خاتمہ کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر غور و خوض ہوا تاہم اجلاس میں خیبر پختونخوا میں پولیو خاتمہ مہم فوج کے حوالہ کرنے کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

ڈاکٹر امتیاز علی شاہ نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت اور انتظامیہ صوبے سے پولیو کے خاتمہ کیلئے بھر پور کاوشوں میں مصروف ہیں۔ چیف سیکرٹری ، سیکرٹری صحت ، سیکرٹری داخلہ و قبائلی امور اور پولیس حکام صوبائی سطح پر پروگرام کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر ز اپنے متعلقہ اضلاع میں مہم پر عمل درآمد کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پشاور کیلئے جاری ” صحت کا انصاف پروگرام “ کے تحت بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلانے کیلئے پولیس بھر پور سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے اس پروگرام کے لئے ترتیب شدہ سیکیورٹی پلان کامیابی سے کام کر رہا ہے۔

پشاور میں گزشتہ گیارہ مرتبہ چلنے والی اس مہم جبکہ مردان چارسدہ اور صوابی میں گزشتہ دو مہموں میں کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔ڈاکٹر امتیاز علی شاہ نے واضح کیا کہ انسداد پولیو کے لئے نیشنل ایمر جنسی ایکشن پلان کے مطابق جب بھی ضلعی انتظامیہ کو ضرورت ہو تمام سرکاری محکمے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انسداد پولیو مہم میں اپنا کردار اداکرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے اور سول انتظامیہ کی درخواست پر پاکستان آرمی نے انسداد پولیو مہم میں ہمیشہ بھرپور تعاون فراہم کیاہے۔

متعلقہ عنوان :