قطر نے 'اعلانِ ریاض' کی شرائط تسلیم کر لیں

اتوار 20 اپریل 2014 07:00

دوحہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20اپریل۔2014ء)قطر نے خلیج تعاون کونسل \'جی سی سی\' کے سعودی عرب میں ہونے والے وزراء خارجہ اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کی شرائط اور نکات سے اتفاق کر لیا ہے۔العربیہ ٹی وی کو قطری حکومت کے ایک مصدقہ ذریعے سے اطلاع ملی ہے کہ دوحہ نے \'اعلان ریاض\' کی شرائط تسلیم کرتے ہوئے اس پر عمل درآمد کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے اور کہا ہے کہ وہ کسی دوسرے خلیجی ملک کے کسی اپوزیشن رہنما یا سیاسی مخالف کو پناہ نہیں دے گا۔

قطر نے اپنی سر زمین پرموجود اخوان المسلمون سے وابستہ افراد کی بیدخلی، خلیج تعاون کونسل کے رکن ملک کے کسی اپوزیشن رہنما کی مدد نہ کرنے اور پڑوسی ملکوں کے خلاف میڈیا پروپیگنڈہ ختم کرنے بھی یقین دہانی کرائی ہے۔ذرائع کے مطابق خلیجی وزرائے خارجہ نے \'اعلان ریاض\' کے عملی نفاذ کے لیے دو ہفتوں کے اندر اندر دوبارہ اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم اس کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔خیال رہے کہ قطر اور تین بڑے خلیجی ملکوں سعودی عرب، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی کشیدگی کے بعد خلیج تعاون کونسل کے وزرائے خارجہ کا اجلاس گذشتہ جمعرات کو سعودی عرب کے شہر ریاض کے ایک ہوائی اڈے پر ہوا۔اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ کونسل کے تمام ممبر ممالک اپنی خارجہ اور دفاعی پالیسیوں میں دوسرے ملکوں کے مفادات، ان کی سلامتی اور خود مختاری کو یقینی بنائیں گے اور ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے سختی سے گریز کریں گے۔

متعلقہ عنوان :