حج درخواستوں کی وصولی آج سے شروع،تمام بنکوں کو خصوصی کاؤنٹر بنانے کی ہدایت، حج 2014 کے تحت سرکاری حج ایک کیٹیگری کے تحت لاہور، اسلام آباداورپشاور سے 2لاکھ 72 ہزار 731 روپے جبکہ کراچی اور سکھر سے 2 لاکھ 62 ہزار 731 روپے حج پیکج کی کیش رقم جمع کرانا ہوگی

پیر 21 اپریل 2014 07:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21اپریل ۔2014ء)”پہلے آیئے ، پہلے پائیے “ حج 2014ء کیلئے سرکاری حج سکیم کی حج درخواستوں کی وصولی آج سے شروع ہوگی، وزارت مذہبی امور نے ملک بھر کے شیڈول بنکوں کو ہدایات جار ی کردی ہیں، درخواست فارم میں موجو میڈیکل سرٹیفکیٹ پر سرکاری، نیم سرکاری، فوجی، حکومتی خود مختار ادارے یا کارپوریشن کے ڈاکٹر کی تصدیق کرانا ضروری ہے۔

پرائیویٹ ڈاکٹرز کا تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ قابل قبول نہیں ہوگا، تمام بینکوں نے تیاریاں مکمل کرلیں جبکہ کچھ بینکوں نے دو روز قبل ہی حج فارم منظور نظر لوگوں کو دیدیئے۔تفصیلات کے مطابق حج 2014ء کیلئے وفاقی حکومت نے تمام کیٹیگریز کو ختم کرتے ہوئے صرف ایک ہی کیٹیگری کے مطابق حج کروانے کیلئے پہلے آئیے پہلے پائیے کا فارمولا امسال اپنایا ہے ۔

(جاری ہے)

”خبر رساں ادارے“ کو ذرائع نے بتایا کہ پہلے آیئے پہلے پائیے کے فارمولا کے تحت حج 2014ء سرکاری حج سکیم کی حج درخواستوں کی وصولی آج (پیر)سے شروع ہوگی، وزارت مذہبی امور نے ملک بھر کے شیڈول بنکوں کو ہدایات جار ی کردی ہیں۔ 21 اپریل سے سرکاری حج سکیم کی درخواستیں بنک وصول کرینگے ۔ تمام بنکوں کو خصوصی کاؤنٹر بنانے کی ہدایت، حج 2014 کے تحت سرکاری حج ایک کیٹیگری کے تحت لاہور، اسلام آباداورپشاور سے 2لاکھ 72 ہزار 731 روپے جبکہ کراچی اور سکھر سے 2 لاکھ 62 ہزار 731 روپے حج پیکج کی کیش رقم جمع کرانا ہوگی ۔

ریڈایبل پاسپورٹ جس کی معیاد کم از کم 31مارچ 2015ء تک لازمی 6فوٹو ، شناختی کارڈ لازمی، سرکاری حج سکیم کی درخواستیں دو دنوں میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔ذرائع نے مزید بتایاکہ کچھ بینکوں نے اپنے منظور نظر لوگوں کو کچھ لوگوں کو نوازنے کیلئے 2روز قبل ہی جمعہ کو فارم ملتے ہی چند لوگوں میں تقسیم کردیئے تاکہ وہ اپنا پراسیس مکمل کرواکر بنکوں میں جمع کرادیں۔

مزید یہ بتایاگیا کہ درخواست فارم میں موجو میڈیکل سرٹیفکیٹ پر سرکاری، نیم سرکاری، فوجی، حکومتی خود مختار ادارے یا کارپوریشن کے ڈاکٹر کی تصدیق کرانا ضروری ہے۔ پرائیویٹ ڈاکٹرز کا تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ قابل قبول نہیں ہوگا۔سرٹیفکیٹ میں درخواست گزار کی عمر، بلڈ گروپ، جن دواؤں سے اسے الرجی ہے اور دیرینہ بیماریاں جن کے لئے مستقل دوا استعمال کی جاتی ہے کا اندراج کیا جائیگا۔

اس کے علاوہ درخواست گزار کے جسمانی طور پر سفر حج کرنے کے قابل ہونے، اس کے لئے معاون یا وہیل چیئر کے استعمال کی ضرورت کے بارے میں بھی واضح طور پر لکھا جائیگا ۔ کسی قسم کی چھوت کی بیماری کے مریض یا حاملہ خواتین سفر حج پر جانے کی اہل نہیں۔ روانگی سے قبل حاجی کیمپوں میں بھی عازمین کا طبی معائنہ کیا جائیگااور ان بیماریوں کی علامات کی صورت میں انہیں سفر حج پر روانگی کی اجازت نہیں ہوگی۔

متعلقہ عنوان :