موسم گرما کے آتے ہی عوامی تحریک نے سیاسی ماحول کو بھی گرم کرنے کا فیصلہ کرلیا، 11مئی سے کرپٹ نظام کیخلاف بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کیلئے تحریک انصاف، عوامی مسلم لیگ اور مجلس وحدت مسلمین سے رابطے شروع،مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائیگا، سیاسی ومذہبی جماعتوں کا جواب، عمران خان، شیخ رشید اور راجا ناصر نے احتجاجی تحریک میں شامل ہونے کا اعلان کیا تو طاہرالقادری وطن واپس پہنچ جائینگے،جماعتی ذرائع

پیر 21 اپریل 2014 07:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21اپریل ۔2014ء)موسم گرما کے آتے ہی عوامی تحریک نے سیاسی ماحول کو بھی گرم کرنے کا فیصلہ کرلیا، 11مئی سے کرپٹ نظام کیخلاف بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کیلئے تحریک انصاف، عوامی مسلم لیگ اور مجلس وحدت مسلمین سے رابطے شروع کردیئے، مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائیگا، سیاسی مذہبی جماعتوں کا جواب، عمران خان، شیخ رشید اور راجا ناصر نے احتجاجی تحریک میں شامل ہونے کا اعلان کیا تو طاہرالقادری وطن واپس پہنچ جائینگے۔

باوثوق ذرائع ”خبر رساں ادارے “کوبتایا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ شیخ الاسلام علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پیپلزپارٹی کے بعد اب مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت کو بھی ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا۔ پیپلزپارٹی کیلئے سخت موسم سرما کا چناؤ کیاگیا جبکہ مسلم لیگ ن کیلئے مئی کا گرم ترین ماہ کا انتخاب ہوا ہے اور موسم گرما کی گرمی کے عروج کے ساتھ ہی طاہر القادری سیاسی ماحول کو بھی گرمانا چاہتے ہیں اسی سلسلے میں ملک بھر میں 11 مئی کو یوم احتجاج کی کال دی گئی ہے اور اس کا مرکزی پروگرام لاہور میں ہوگا ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایاکہ پروگرام میں شرکت کیلئے اگر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ راجا ناصر عباس نے احتجاجی تحریک میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرائی تو سربراہ تحریک منہاج القرآن علامہ طاہر القادری کینیڈا سے پاکستان آسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں جب موقف جاننے کیلئے اسلام آباد میں پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان غلام علی سے ”خبر رساں ادارے“ نے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ 11مئی سے تبدیلی نظام کیلئے بھرپورطریقے سے تحریک چلائینگے۔ انہوں نے کہاکہ احتجاجی تحریک میں تمام ہم خیالوں کو دعوت دے رہے ہیں اور ہمیں مثبت جواب بھی مل رہاہے۔