پا ک یواے ای مشترکہ بحری مشقوں کا آغاز

پیر 21 اپریل 2014 07:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21اپریل ۔2014ء)سمندر اور ساحلوں کی محافظ پاک بحریہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں ہمہ وقت کوشاں اور تیار ہے۔ ان پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مہارت ، ان میں مزید بہتری پیدا کرنے اور اس کے ساتھ ساتھ خطے میں اور عالمی سطح پر امن قائم کرنے کی کوششوں کے لیے پاک بحریہ خطے کی بحری افواج کے ساتھ مشترکہ بحری مشقوں کا انعقاد کرتی رہتی ہے۔

جن میں سعودی نیول فورسز کے ساتھ\' نسیم البحر\'سلسلے کی مشقیں اور عمان نیوی کے ساتھ \'تھامر الطیب\' سلسلے کی مشقیں قابل ذکر ہیں ۔ عالمی سطح پر پاک بحریہ دنیا کے تمام بڑے ممالک کی بحری افواج کے ساتھ امن سیریز کی بحری مشقیں منعقد کرتی ہے ۔ اس سلسلے کی چوتھی مشترکہ مشقیں امن 2013، مارچ 2013میں منعقد کی گئیں۔

(جاری ہے)

اسی سلسلے میں پاکستان متحدہ عرب امارات کی بحری افواج کے مابین مشترکہ بحری مشقیں\'نسل البحر\' 20سے 26اپریل 2014تک منعقد کی جارہی ہیں۔

یہ اس سلسلے کی پہلی مشقیں ہیں جو کہ دونوں ممالک درمیان باہمی تعاون کا حصہ ہیں ۔ ان مشقوں میں شمولیت کے لیے متحدہ عرب امارات کے بحری جہازوں کی آمد کا سلسلہ آج سے شروع ہوگیا ہے۔ ان میں ابوظہبی کلاس اور بینونہ کلاس کے جہازوں کے ساتھ ساتھ میری ٹائم پٹرول ایئر کرافٹ اور اسپیشل آپریٹنگ فورسز بھی ان مشقوں میں حصہ لے رہی ہیں ۔ جب کہ پاک بحریہ کی جانب سے بحری جہاز پی این ایس خیبر ، پی این ایس بابر، پی این ایس قوت، پی این ایس عظمت اور ایک ہیلی کاپٹر ان مشقوں کا حصہ ہیں۔

پاک بحریہ کی کاوشوں سے منعقد ہونے والی یہ مشقیں اس عزم کی غمازی کرتی ہیں کہ پاکستان نہ صرف اس خطے میں بلکہ عالمی سطح پر بھی امن کے قیام کا خواہاں ہے اور ان مشقوں کے انعقاد اور ان میں شمولیت سے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔