مصر،اخوان المسلمون کے اہم رہنما محمد البلتاجی کو سزائے قید

پیر 21 اپریل 2014 07:26

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21اپریل ۔2014ء)مصر کی ایک عدالت نے اخوان المسلمون کے اہم رہنما محمد البلتاجی کو ایک سال کیلئے جیل بھیج دیا ہے۔ ان پر الزم تھا کہ انہوں نے توہین عدالت کا ارتکاب کیا ہے۔عدالتی ذرائع کے مطابق محمد مرسی کی صدارت سے برطرفی اور اخوان المسلمون کو دہشت گرد جماعت قرار دیئے جانے کے بعد اخوان المسلمون کے غیر معمولی طور پر نمایاں رہنماوں میں سے کسی اخوانی رہنما کو یہ پہلی سزائے قید ہے۔

تاہم پچھلے ماہ 529 کارکنوں سمیت متعدد رہنماوں کو سزائے موت سنائی جا چکی ہے۔محمد البلتاجی کے خلاف توہین عدالت کے اس مقدمے کے علاوہ معزول صدر محمد مرسی اور تیرہ دیگر رہنماوں کے ساتھ 2012 میں مظاہرین کو قتل پر اکسانے کے مبینہ جرم کے تحت بھی مقدمہ چلایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

محمد البلتاجی نے پراسیکیوشن پر الزام عاید کیا تھا کہ وہ اخوان المسلمون کی قیادت کے خلاف سازش کر رہی ہے۔

عدالت نے اسے توہین قرار دیتے ہوئے محمد البلتاجی کو ایک سال کیلئے قید کی سزا سنا دی ہے۔ملک کے پہلے منتخب صدر محمد مرسی کو فوج نے 3 جولائی 2013 کو جنرل عبدالفتاح السیسی کی قیادت میں برطرف کر دیا تھا۔ تب سے اب تک معزول صدر اور اخوان المسلمون کے مرشد عام محمد بدیع سمیت اخوان کی پوری قیادت سینکڑوں کارکنوں سمیت جیلوں میں ہے۔ جبکہ سینکڑوں کارکن مختلف واقعات میں مارے جاچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :