رحمن ملک کی کوششیں رنگ لے آئیں، ایم کیو ایم کے چار ارکان آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران صوبائی وزراء کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے،پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان سندھ حکومت میں شمولیت کے حوالے سے معاملات طے پاگئے، الطاف حسین نے بھی منظوری دیدی ،پیپلز پارٹی کی قیادت نے بلدیاتی نظام اور کراچی آپریشن پر ایم کیو ایم کے تحفظات سمیت دیگر امور کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، ایم کیو ایم ذرائع

منگل 22 اپریل 2014 06:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22اپریل۔2014ء) سابق وفاقی وزیر داخلہ عبدالرحمن ملک کی کوششیں رنگ لائیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کے چار ارکان آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران صوبائی وزراء کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان سندھ حکومت میں شمولیت کے حوالے سے معاملات طے پاگئے ہیں۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے سندھ حکومت میں شمولیت کے فیصلے کی منظوری دے دی ہے۔

ایم کیو ایم کے ذرائع کے مطابق سندھ کابینہ میں ایم کیو ایم کے چار وزیر اور دو مشیر شامل کئے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حلف اٹھانے والے وزراء میں عادل صدیقی، خواجہ اظہار الحسن، رؤف صدیقی اور سید سردار احمد شامل ہوسکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان گزشتہ دو ماہ سے سندھ حکومت میں شمولیت کے حوالے سے پس پردہ مذاکرات کا سلسلہ جاری تھا۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے وفد نے دبئی میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات بھی کی تھی۔ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان اختلافات ختم کرانے اور سندھ حکومت میں شمولیت کے معاملات طے کرانے میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور سابق وفاقی وزیر داخلہ عبدالرحمن ملک نے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ایم کیو ایم کے ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے بلدیاتی نظام اور کراچی آپریشن پر ایم کیو ایم کے تحفظات سمیت دیگر امور کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کو صحت، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعت وتجارت اور دیگر محکمے دیئے جاسکتے ہیں۔