حبکو نے ریفنڈز کی عدم ادائیگی پر بجلی نرخ بڑھانے کی دھمکی دے دی،ایف بی آر نے ادائیگی کی بجائے 4ارب سے زائد کے ان پٹ ٹیکس وصولی کا نوٹس جاری کردیا

منگل 22 اپریل 2014 06:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22اپریل۔2014ء) ملک میں بجلی پیدا کرنیوالی نجی کمپنی حب پاور کمپنی(حبکو) نے ان پٹ ٹیکس پر ریفنڈ کی عدم ادائیگی کی صورت میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی دھمکی دیدی ہے جبکہ ایف بی آر نے حبکو کو ان پْٹ ٹیکس ریفنڈ ادا کرنے کے بجائے حبکو کو چار ارب روپے سے زائد کے ان پْٹ ٹیکس وصولی کا نوٹس جاری کردیا ہے۔

میڈیا رپو رٹ کے مطابق نجی بجلی پیدا کرنیوالی کمپنی حبکو کی طرف سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کو خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سیلز ٹیکس ایکٹ 1990کے تحت آئی پی پیز کو بجلی پیدا کرنے میں استعمال ہونیوالے آلات و خام مال پر ادا شدہ ان پٹ ٹیکس ریفنڈ کلیم کرنے کی اجازت حاصل ہے اور حبکو سمیت دیگر آئی پی پیز کو ان پٹ ٹیکس ریفنڈ کلیم کرنے کی اجازت اگست 1999سے حاصل ہے لیٹر میں کہا گیا ہے کہ حبکو کی طرف سے اس مرتبہ بھی ماضی کی طرح واپڈا اور نیشنل ٹرانسمشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ(این ٹی ڈی سی )سے وصول کردہ ان کی تمام انرجی پرچیز پرائس (ای پی پی) پر دیے جانے والے ان پٹ ٹیکس کی بنیاد پر کلیم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رپو رٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیشنل ٹرانسمشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹد(این ٹی ڈی سی) نے بھی حبکو کے نکتہ نظر کی حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ اگر حبکو کو مذکور ان پٹ ٹیکس ریفنڈ کی ادائیگی نہیں کی جاتی تو حبکو کو صارفین کے لئے بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرنا پڑیگا اور این ٹی ڈی سی نے پرائیوٹ پاور اینڈ انفرااسٹرکچر بورڈ (پی پی آئی بی) سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) سے رجوع کرے اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو حبکو سے چار ارب روپے سے زائد کا ان پٹ ٹیکس وصول کرنے کیلئے جاری کردہ نوٹس واپس لینے کیلئے آمادہ کیا جائے اور اس بارے میں ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے حبکو کو جاری کردہ نوٹس میں ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو نے جولائی2011 سے جون 2012تک کے عرصے کیلئے حبکوکی طرف سے ان پٹ ٹیکس کی مد میں کلیم کردہ چار ارب 14 لاکھ چار ہزار 473 روپے کی ریکوری کے احکامات جاری کیے ہیں جبکہ حبکو نے ایف بی آر کو متنبہ کیا ہے کہ اگر حبکو کوچار ارب 14لاکھ چار ہزار 473 روپے کی ریکوری کیلئے جاری کردہ نوٹس واپس نہ لیا گیا اور حبکو کو ان پٹ ٹیکس ریفنڈ کلیم کرنے کی اجازت نہ دی گئی تو صارفین کیلئے بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :