کراچی کو اضافی بجلی نہیں دیں گے، اسے معاہدے کے مطابق بجلی دے رہے ہیں ،عابد شیر علی ،کے ای ایس سی اپنے پاور پلانٹ چلائے،وزیر مملکت پانی و بجلی کی میڈیا سے گفتگو

منگل 22 اپریل 2014 06:48

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22اپریل۔2014ء) وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ کراچی کو اضافی بجلی نہیں دیں گے اسے معاہدے کے مطابق بجلی دے رہے ہیں کے ای ایس سی اپنے پاور پلانٹ چلائے سکھر میں واپڈا کے ریسٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا موازنہ ماضی کی حکومتوں کے ساتھ نہ کیا جائے ماضی کی حکومتوں کے مقاصد کچھ اور تھے رینٹل پاور کیس کسی سے چھپا ہوا نہیں ہے اس پر تو سپریم کورٹ کے دروڈیوار بھی بولتے ہیں ہم نے قوم سے کیے گئے معاہدوں کی 10 ماہ میں ہی تکمیل کرنا شروع کردی ہے انہوں نے کہا کہ ہمارا ٹرانسمیشن سسٹم ناکاراہ ہے 16 ہزار میگاواٹ کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتا انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پاور سیکٹر جس مہلک اور موذی مرض کا شکار تھا اس کا علاج شروع کردیا ہے لوڈشیڈنگ میں واضح کمی آئی ہے پہلے 18,18 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوا کرتی تھی مگر اب صرف 6 گھنٹے ہورہی ہے ہم نے تو پہلے ہی کہہ رکھا کہ جس علاقے میں بجلی کی چوری زیادہ ہوگی اس علاقے میں لوڈشیڈنگ بھی زیادہ کی جائے گی اور اس علاقے کے ٹرانسفارمر بھی اتروالیے جائیں گے۔