موجودہ حکومت کے اقدامات سے ملکی معیشت کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں،اسحاق ڈار، جی ڈی پی گروتھ ریٹ اور غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اوپر اور افراط زر نیچے جارہا ہے ، وفاقی وزیر کی جاپانی سفیر سے ملاقات،کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو

بدھ 23 اپریل 2014 08:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اپریل۔2014ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سٹرکچرل اصلاحات اور موجودہ حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کے نتیجے میں ملکی معیشت کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں ، جی ڈی پی گروتھ ریٹ اور غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اوپر جارہے ہیں اور افراط زر نیچے جارہا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاپانی سفیر ہیروشی انوماتا سے ملاقات اور وزیر اعظم کی طرف سے روس ا ور پاکستان کے مابین تعلقات بارے قائم کمیٹی کے اجلاس کے دوران کیا ۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان ایک ماڈل پر کام کررہا ہے جس میں پرائیویٹ سیکٹر کو برتری حاصل ہے اور یہ ہمارے جاپان جیسے دوست ملک کیلئے وقت ہے کہ پاکستان کے سرمایہ کاری دوست ماحول سے فائدہ اٹھائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے توانائی اور مواصلات کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے بہت زیادہ مواقع موجود ہیں ۔ انہوں نے جاپانی سفیر کو بتایا کہ کراچی سرکولر ریلوے ملک کا سب سے ترجیحی منصوبہ ہے۔

جاپانی سفیر نے وزیر خزانہ کو بین الاقوامی فنانشل مارکیٹ میں دو بلین ڈالر کے یورو بانڈ کے اجراء اور کامیاب روڈ شو پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سخت محنت اور موجودہ حکومت کی طرف کئے گئے اعتماد سازی اقدامات کا نتیجہ ہے ۔ جاپانی سفیر نے تمام اقتصادی اعشاریوں کو سراہا جو مثبت ترقی ظاہر کررہے ہیں اور اس بات کا اشارہ ہے کہ ملک تیزی سے خوشحالی کی طرف بڑھ رہا ہے ۔

انہوں نے وزیر خزانہ کو موجودہ حکومت کے اصلاحاتی پروگرام اور اقتصادی پالیسیوں پر جاپان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور پاکستان کے ساتھ نئے اقتصادی تعلقات کا بھی یقین دلایا ملاقات میں سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود ، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نرگس سیٹھی اور وزارت خزانہ کے دوسرے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے ۔ دریں اثناء وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی مسائل کے حل کے لئے وزیراعظم کی طرف سے بنائی گئی کمیٹی کے وزارت خزانہ میں منعقدہ ا جلاس کی صدارت کی اجلاس میں وزیراعظم کے خارجہ امور کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کمیٹی کو روسی حکومت اور تاجروں کے مابین 15 سالہ پرانے تجارتی جھگڑے پر روسی حکومت کی پوزیشن پر بریفنگ دی۔

انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ انہوں نے روسی سفیر کو پیغام بھجوایا تھا کہ پاکستانی حکومت اس مسئلے کے حل کیلئے سنجیدہ ہے اور وزیراعظم اس مسئلہ کو جلد از جلد حل کرنا چاہتے ہیں جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات بڑھانے کے مواقع میسر آئینگے بی او آئی کے چیئرمین مفتاح اسماعیل نے کمیٹی کو بتایا کہ پارٹیوں نے مسئلے کے جلد حل کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور وہ پاکستانی کاروباری پارٹیوں سے ملے ہیں جنہوں نے عدالتوں میں درخواستیں دائر کی ہوئی ہیں انہوں نے بتایا کہ مئی کے پہلے ہفتے میں پا کستانی کاروباری پارٹیوں سے بات چیت کا امکان ہے جس سے روس کے لیے پرپوزل کی حتمی شکل سامنے آئے گی وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے جھگڑے کے حل کیلئے حتمی وقت پر زور دیا اور بتایا کہ وزارت تجارت کوششوں کو آگے بڑھا رہی ہے انہوں نے کہا کہ یہ جھگڑا دونوں ممالک کے مابین توانائی اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے میں رکاوٹ ہے ۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمارے حکام نے ایمانداری سے مسئلہ اٹھایا ہے اور اس کا باعزت حل نکلنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ روسی حکومت اور ہمارے تاجروں کے لئے مسئلے کا حل دونوں کی جیت ہونا چاہیے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اقتصادی تعلقات کو بڑھانا دونوں ممالک کی سیاسی قیادت کی خواہش ہے انہوں نے بی او آئی کو ہدایت دی کہ وہ وزارت تجارت سے مل کر کام کرے اور پارٹیوں کے ساتھ گفتگو کے ذریعے رکاوٹوں کو دور کرے ۔ انہوں نے بات جیت کے بعد مئی کے دوسرے ہفتے میں رپورٹ کمیٹی میں پیش کرنے کی بھی ہدایت کی اجلاس میں سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود ، سیکرٹری تجارت شہزاد ارباب ، وزیر خزانہ کے ایڈوائزر رانا اسد امین اور وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے ۔

متعلقہ عنوان :