افغانستان میں امن خطے میں امن کی کنجی ہے‘ چوہدری نثار علی خان،پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے نئی افغان حکومت کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا‘ وفاقی وزیر کی برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 23 اپریل 2014 08:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اپریل۔2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن خطے میں امن کی کنجی ہے‘ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے نئی افغان حکومت کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن منگل کے روز ملاقات میں گفتگو کے دوران کیا۔

ملاقات میں علاقائی سکیورٹی صورتحال خصوصاً فاٹا اور افغانستان کے حوالے سے صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے امید کا اظہار کیا ہے کہ حکومت کی مذاکرات کی پالیسی کے نتیجے میں خطے میں خصوصاً فاٹا میں پائیدارامن قائم ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت غیر ضروری تاخیر کے بغیر مثبت نتائج کیلئے مذاکراتی عمل میں تیزی لانے کی کوشش کررہی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان اور برطانیہ کے دو طرفہ تعلقات بارے اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین دہائیوں سے سیاسی اور اقتصادی تعلقات قائم ہیں جو اب خصوصی تعلقات میں تبدیل ہوگئے ہیں‘ ان تعلقات کا اظہار دونوں ملکوں کے اعلیٰ سطحی دوروں کے تبادلے سے ہوتا ہے ۔ وفاقی وزیر نے پاکستان کے سول اداروں کی قابلیت بڑھانے میں ادارہ جاتی حمایت کی بھی تعریف کی۔

برطانوی ہائی کمشنر نے موجودہ پاکستانی حکومت کی ملک کو امن اور ترقی کے راستے پر ڈالنے کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے پولیس ‘ انسداد دہشت گردی‘ انسانی اور منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے شعبوں کی نشاندہی کی جن میں برطانیہ اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ہائی کمشنر نے حکومت کی طرف سے بنائی گئی حالیہ قومی داخلی سکیورٹی پالیسی کی تعریف کی اور ماضی قریب میں اس سیکٹر میں تعاون بڑھانے کی بھی نشاندہی کی۔ انہوں نے امید طاہر کی کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے آئندہ دورہ برطانیہ سے پہلے ہی دونوں ممالک کے مابین تعلقات مضبوط ہوگئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات خطے کی جاری جیوپولیٹیکل صورتحال میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔