آئندہ بجٹ کیلئے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے ہیں، تمام اہداف حاصل کر رہے ہیں، اسحاق ڈار ،سپیکٹرم لائسنسوں کی نیلامی کی کامیابی پر پی ٹی اے ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے،ٹیلکو انڈسٹریز اب زیادہ سرمایہ کاری کریں گی،جس کے باعث روزگار کے مزید مواقع میسر آئیں گے، ملک نئی ترقی کی جانب جارہا ہے، معیشت مضبوط ہورہی ہے،جس کے ملک کی اقتصادی حالت پر بہتر اثرات مرتب ہو رہے ہیں،ہماری حکومت 3Gاور 4Gسپیکٹرم کو رول آؤٹ کرنے کا اپنا وعدہ پورا کردیا، یوٹیوب کھولنے کے حوالے سے قوم دو حصوں میں منقسم ہے ، سپیکٹرم لائسنسز کی نیلامی کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 24 اپریل 2014 07:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24اپریل۔2014ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہم نے آئندہ بجٹ کیلئے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے ہیں اور تمام اہداف حاصل کر رہے ہیں،سپیکٹرم لائسنسوں کی نیلامی کی کامیابی پر پی ٹی اے ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے،ٹیلکو انڈسٹریز اب زیادہ سرمایہ کاری کریں گی،جس کے باعث روزگار کے مزید مواقع میسر آئیں گے،وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے پوری قوم کو بھی مبارکباد دیتا ہوں، ملک نئی ترقی کی جانب جارہا ہے اور معیشت مضبوط ہورہی ہے،جس کے ملک کی اقتصادی حالت پر بہتر اثرات مرتب ہو رہے ہیں،ہماری حکومت نے وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں 3Gاور 4Gسپیکٹرم کو رول آؤٹ کرنے کا اپنا وعدہ پورا کردیا، یوٹیوب کھولنے کے حوالے سے قوم دو حصوں میں منقسم ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز مقامی ہوٹل میں سپیکٹرم لائسنسز کی نیلامی کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بتایا کہ 2010 ء میں سپیکٹرم لائسنس کی نیلامی کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے بعد ابتدائی طور پر سپیکٹرم کو پچاس ملین ڈالر اور بعد ازاں 79 ملین ڈالر میں فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم موجودہ حکومت نے یہ فیصلہ کیا کہ کم از کم 120 ارب ڈالر میں سپیکٹرم لائسنس کو بکنا چاہیے۔

جس کا اعلان بجٹ میں بھی کیا گیا تھا چار برس ضائع ہونے کے بعد موجودہ حکومت نے اس کی نیلامی کا عمل شروع کیا جس میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے نہایت محنت سے کام کیا اور بالآخر 3G ‘ 4G سپیکٹرم لائسنسوں کی نیلامی کا عمل آج طے پا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نیلامی کے حوالے سے یہ طے کیا گیا تھا کہ ماضی میں پندرہ برس میں سپیکٹرم نیلامی کی ادائیگی کی جائے تاہم موجودہ اس مدت کو پانچ برس کردیا اسی طرح ماضی میں ڈاؤن پے منٹ کے حوالے سے کم قیمت طے کی گئی تھی لیکن موجودہ حکومت نے پچاس فیصد ڈاؤن پے منٹ مقرر کی جبکہ ادائیگی کے دوران متغیر انٹرسٹ ریٹ رکھا گیا ہے جو کہ ملکی مفاد میں ہے انہوں نے کہا کہ اگر کم از کم بولی کم رکھی جاتی تو آج نیلامی پچیاسی ارب ڈالر تک کی رہ جاتی تاہم موجودہ حکومت نے ایک سو بیس ارب ڈالر کی بولی رکھی جس میں ذونگ اور یو فون سمیت دیگر ٹیلی کام آپریٹروں نے دلچسپی ظاہر کی تاہم شرائط کے مطابق یوفون 10میگاہرٹز کا لائسنس نہیں رکھتا تھا جس کی وجہ سے اس کو 4Gکا لائسنس نہیں دیاگیا اور زونگ کو لائسنس جاری کردیاگیا۔

سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے آئندہ بجٹ کیلئے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے ہیں اور تمام اہداف حاصل کر رہے ہیں،سپیکٹرم لائسنسوں کی نیلامی کی کامیابی پر پی ٹی اے ٹیم مبارکباد کی حقدار ہے،ٹیلکو انڈسٹریز اب زیادہ سرمایہ کاری کریں گی،جس کے باعث روزگار کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی جانب سے میں پی ٹی اے اور ٹیلکو انڈسٹریز کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں جبکہ اس سارے عمل میں روح رواں وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان بھی مبارکباد کی مستحق ہیں۔

وزیرخزانہ نے مزید کہا کہ وہ وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے پوری قوم کو بھی مبارکباد دیتے ہیں کیونکہ ملک نئی ترقی کی جانب جارہا ہے اور معیشت مضبوط ہورہی ہے،جس کے ملک کی اقتصادی حالت پر بہتر اثرات مرتب ہو رہے ہیں،ہماری حکومت نے وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں 3Gاور 4Gسپیکٹرم کو رول آؤٹ کرنے کا اپنا وعدہ پورا کیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ ہماری حکومت چارEsپرپرعزم ہے،جن میں سے بنیادی اور اولین Eتعلیم ہے،جی ڈی پی میں تعلیم کے شعبہ پر اخراجات کو ہر صورت2فیصد تک لائیں گے،وزیراعظم نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ(ن) اس حوالے سے نہایت سنجیدہ ہے،بنیادی طور پر تعلیم صوبائی معاملہ ہے تاہم وفاق اس کو دوگنا کرنے کی کوشش کر رہا ہے،ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سب کہتے تھے کہ آکشن نہ کیا جائے تاہم ہم نے یہ واضح کردیا تھا کہ آکشن کیا جائے گا،آکشن یو ایس ڈالر میں ہوا ہے جس دن ادائیگی کریں گے اس دن کے ڈالر کی قدر کے مطابق ادائیگیاں کی جائیں گی،یوٹیوب کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ یوٹیوب کھولنے کے حوالے سے قوم دو حصوں میں منقسم ہے،کچھ افراد اس کے کھولنے کے حق میں ہیں اور کچھ گستاخانہ مواد کے باعث اس کو بند رکھنا چاہتے ہیں،اس حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ تھا کہ پی ٹی اے یوٹیوب سے متنازعہ گستاخانہ مواد کو ہٹائے اور اس کے ہٹانے تک یوٹیوب کو بند رکھا جائے،جس پر وزیراعظم نواز شریف نے اس میں عریانی،گلے کاٹنے اور شہداء کی لاشوں کی بے حرمتی سے متعلق مواد کو ہٹانے کے حوالے سے احکامات جاری کئے تھے،ابھی تک پی ٹی اے کے پاس ایسی ٹیکنالوجی موجود نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :