اعلیٰ بیوروکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ،کئی وفاقی سیکریٹریز تبدیل، 5نئے وفاقی سیکریٹریز کے تقرر کی منظوری، وزیراعظم نے آفتاب چیمہ کو آئی جی اسلام آباد تعینات کرنے کی منظوری دے دی ،ترجمان دفتر خارجہ سمیت متعدد افسران کی گریڈ 20سے گریڈ 21 میں ترقی ،ان لینڈ ریونیو کے چھ اور فارن سروس کے چار افسران کی ترقیاں روک کر کیس سنٹرل سلیکشن کو بھجوا دیا گیا

جمعرات 24 اپریل 2014 07:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24اپریل۔2014ء) وفاقی اعلیٰ بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی گئی ہے کئی سیکریٹریوں کا تقرر اور متعدد کے تبادلے کردیئے گئے ہیں، وزیراعظم محمد نواز شریف نے منظوری دے دی۔وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے 5نئے وفاقی سیکریٹریز کے تقرر کی منظوری دے دی ہے، وزیراعظم کے سیکریٹری ندیم آصف کو سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ تعینات کردیا گیا، جبکہ حسن عباس سیکریٹری صنعت مقرر کردیئے گئے ۔

دیگر سیکریٹریرز میں یونس داغا کو سیکریٹڑی ہاوٴسنگ، رخسانہ سلیم کو سیکریٹری ماحولیاتی تبدیلی جب کہ شاہد رشید کو سیکریٹری شماریات مقرر کردیا گیا ہے۔وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے آفتاب چیمہ کو آئی جی اسلام آباد تعینات کرنے کی منظوری سمیت متعدد افسران کو گریڈ 20سے گریڈ 21 میں ترقیوں اور وفاقی سیکرٹریو ں کے تبادلوں کی بھی منظوری دیدی جبکہ ان لینڈ ریونیو کے چھ اور فارن سروس کے چار افسران کی ترقیاں روک کر کیس سنٹرل سلیکشن کو بھجوا دیا ۔

(جاری ہے)

سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے آفتاب چیمہ کو آئی جی اسلام آباد تعینات کرنے کی منظوری دے دی اس سے قبل خالد خٹک قائم مقام آئی جی اسلام آباد تھے۔ آئی جی اسلام آباد تعینات کرنے کی منظوری کے ساتھ ساتھ محمد علی نیکوکارہ کو ایس ایس پی آپریشن لگانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے اس سے پہلے پی ایس او ٹو آئی جی پنجاب تھے ۔

علاوہ ازیں وزیراعظم نے دس افسران کو گریڈ 20سے 21 گریڈ میں ترقیوں کی منظوری دے دی ہے ۔ گریڈ 20سے 21 گریڈ میں ترقی پانے والوں میں غلام کاظم حسین ، سردار منور زمان ، سیما مجید ، سجاد حیدر خان ، محمد ارشد ، ندیم ڈار ، وقار احمد ، بسنی فرخ ، شہزاد مرزا ، اکرام غنی ، طارق پاشا شامل ہیں جبکہ ان لینڈ ریونیو کے چھ افسروں کی ترقیاں روک کر کیس سنٹرل سیکشن بورڈ کو بھجوا دیا ہے ترقی نہ پانے والوں میں رحمت اللہ خان وزیر ، سلیم رضا ، آصف اعجاز ، وشتو الیاس راجہ ، قوی شہزاد اور اسد رسول شامل ہیں ۔

وزیراعظم نے فارن سروس کے آٹھ افسروں کو بھی ترقی کی منظوری دے دی ہے ترقی پانے والوں میں افتخار عزیز ،ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم ، افراسیاب ہاشمی ، سہیل محمود ، خالد عثمان قیصر ، ایاز حسین ، فاروق عامل اور ندیم ریاض شامل ہیں جن وفاقی سیکرٹریز کے تبادلے ہوئے ہیں ۔ان میں صدر کے سیکرٹری ندیم حسن آصف کو سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ، احمد فاروق کو ایڈیشنل سیکرٹری انچارج تعینات کیا گیا ہے ۔

سیکرٹری ٹیکسٹائل رخسانہ سلیم کو سیکرٹری ماحولیاتی تبدیلی جبکہ سیکرٹری ماحولیات راجہ حسن عباس کو سیکرٹری صنعت و پیداوار ، ڈی جی پاسپورٹ سکندر الحق کو چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ، شاہد رشید کو سیکرٹری شماریات ڈویژن ، یونس داغا کو سیکرٹری ہاؤسنگ تعینات کردیا گیا ہے جبکہ ان لینڈ ریونیو کے چھ اور فارن سروس کے چار افسروں کی ترقی کے معاملے کا جائزہ لینے کیلئے کیس سنٹرل سلیکشن کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ہے ۔