فوج کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنا ہے، مخالفانہ مہم پر قوم کو تشویش ہے: چودھری پرویزالٰہی ،ن لیگ کو قومی اداروں میں سپریم کورٹ پر حملہ کا ری پلے نہیں کرنا چاہئے، فوج کیخلاف پراپیگنڈہ مہم پر حکومتی خاموشی معنی خیز ہے ،موجودہ حکمرانوں نے کبھی قومی اداروں کا احترام نہیں کیا، صحافیوں پر بھی فائرنگ کرائی، شہباز شریف سپریم کورٹ پر حملہ آوروں میں نان بانٹتے رہے: پارٹی رہنماؤں سے گفتگو

جمعرات 24 اپریل 2014 07:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24اپریل۔2014ء)پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ فوج کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنا ہے، پاک فوج کیخلاف خطرناک پراپیگنڈہ مہم پر پوری قوم کو بھی سخت تشویش ہے جس کا سب سے زیادہ فائدہ بھارت کو ہو رہا ہے اور اس پر حکومت کی خاموشی معنی خیز ہے، مخالفانہ مہم کا آغاز سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت اہم وزراء کے بیانات کے ذریعہ کیا گیا اور ایسا کرتے ہوئے انہوں نے ملک و قوم کیلئے پاک فوج کی عظیم قربانیوں کو بھی یکسر نظرانداز کر دیا۔

وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگی رہنماؤں اور سینئر کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ن لیگ کو قومی اداروں میں سپریم کورٹ پر حملہ کا ری پلے نہیں کرنا چاہئے، ملکی و قومی سلامتی اور یکجہتی پر یقین رکھنے والا کوئی شخص پاک فوج کو بدنام، بددل اور کمزور کرنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور دیگر اداروں کی باتیں کرنے والے موجودہ حکمرانوں نے کبھی کسی ادارہ کو دل سے تسلیم نہیں کیا یہ وہی ہیں جنہوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا، صحافیوں پر فائرنگ کرائی، سپریم کورٹ پر حملہ کی قیادت خود شہبازشریف کر رہے تھے اور حملہ آوروں میں قیمے والے نان بھی تقسیم کرتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کا احترام کرنے والا کوئی شخص فوج یا سپریم کورٹ کے خلاف ایسی حرکت نہیں کر سکتا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حکمرانوں کو عوام کے اصل مسائل پر پوری توجہ دینی چاہئے، غربت کے مارے لوگ اجتماعی خود کشیاں کر رہے ہیں، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے کسی کی جان و مال محفوظ نہیں، بیروزگاری عروج پر ہے، جرائم میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے، بجلی کی کمی کے مارے لوگ اتنے زیادہ بل ادا کرنے سے قاصر ہیں، عام اور غریب آدمی کیلئے جینا مشکل ہو گیا ہے۔