لاہور ائرپورٹ پر پی آئی اے کے پائلٹ کا سپر وائزر کو تھپڑ،ائر لیگ نے تمام بین الاقوامی کاؤنٹرز پر کام چھوڑ دیا ، مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، حکام کی جا نب سے تنازعہ ختم کرا کے انکوائری کی یقین دہانی پر بین الاقوامی پروازوں کو آپریشن کیلئے کھول دیا گیا

جمعرات 24 اپریل 2014 07:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24اپریل۔2014ء)لاہور ائرپورٹ پر پی کے 757 کے پائلٹ نے مسافر کا سامان زیادہ لے جانے کی سفارش سے انکار پر سپر وائزر علی رضا کو تھپڑ مار دیا ، واقع کے بعد ائیر لیگ نے تمام بین الاقوامی کاؤنٹرز پر کام کرنا چھوڑ دیا جس سے مسافروں کو شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑا ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز لاہور ائرپورٹ پر لندن جانے والی پرواز پی کے 757 کے پائلٹ جاوید چوہدری نے سپر وائزر علی رضا کو سفارش کی کہ ان کا ایک جاننے والا مسافر ہے اور ان کا سامان زیادہ ہے تو انہیں بورڈنگ کی اجازت دی جائے جس پر سپر وائزر علی رضا نے قوانین کے مطابق زیادہ سامان لوڈ کرنے سے انکار کردیا اور علی رضا کے انکار پر پائلٹ نے ان کو تھپڑ مار دیا اور تلخ کلامی بھی کی جس پر ائر لیگ کے تمام عملے نے بین الاقوامی کاؤنٹرز پر کام کرنا چھوڑ دیا اور کہا کہ جب تک پائلٹ جاوید چوہدری معافی نہیں مانگیں گے اس وقت تک دوبارہ آپریشن کو بحال نہیں کیا جائے گا اس جھگڑے کے دوران مسافروں کو پرواز میں تاخیر کے باعث شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں پی آئی اے کے اعلیٰ حکام نے دونوں کے درمیان تنازعہ کو ختم کرانے اور انکوائری کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد دوبارہ پی آئی اے نے بین الاقوامی پروازوں کو آپریشن کے لئے کھول دیا ۔

متعلقہ عنوان :