انتخابی ریلی میں مودی نے کانگریس کوکمپیوٹروائرس قرار دیدیا

جمعرات 24 اپریل 2014 07:35

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24اپریل۔2014ء)بھارت کے انتخابی دنگل میں اپوزشن جماعت بی جے پی اور کانگریس کے درمیان لفظوں کی جنگ مزید شدت اختیار کرگئی ہے۔ انتخابی ریلی میں مودی نے کانگریس کو کمپیوٹر وائرس قرار دے دیا، راہول گاندھی نے بھی مودی کی انا پرستی کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے۔ایک تو گرمی اور پھر لوک سبھا کے انتخابات، بھارت کا سیاسی درجہ حرارت تو ہر گذرتے دن کے ساتھ بڑھتا ہی چلا جارہا ہے۔

حریف جماعتیں بھی پارٹی ایجنڈا پر بات کرنے کے بجائے ایک دوسرے پر تنقید کے نشتر برسانے میں مصروف ہیں۔انتہا پسند ہندو جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور وزارت عظمیٰ کے مضبوط امیدوار نریندر مودی نے حیدر آباد میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب میں ایک بار پھر کانگریس کو اپنے نشانے پر رکھا۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں انہوں نے کانگریس کو کمپیوٹر وائرس سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ اس نے پورے بھارتی سسٹم کو تباہ کردیا ہے۔

دوسری جانب چھتیس گڑھ میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب میں کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے مودی کی انفرادی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ راہول گاندھی کے مطابق مودی کی تمام تقریروں میں سارا زور ان کی اپنی ذات پر ہوتا ہے، وہ مل کر کام کرنے پر یقین نہیں رکھتے۔بھارتی انتخابات کا چھٹا مرحلہ کل ہوگا، جس میں بہار چھتیس گڑھ اور مہارشٹرا سمیت لوک سبھا کی ایک سو سترہ نشتتوں پر ووٹنگ ہوگی۔